پشاور( خصوصی نامہ نگار) دوسرا شہدائے خیبر پختونخوا پولیس آل پاکستان بیڈمنٹن ٹورنامنٹ خیبرپختونخوا پولیس کے طاہر خان نے جیت لیا ، طاہر خان نے فائنل میں خیبر پختونخوا پولیس کے ہارون الرحمن کو دو صفرسے ہرایا ، خواتین کیٹگری میں ایبٹ آباد کی کائنات نے پشاور کی مہوش کو شکست دیکر ٹائٹل جیتا ، خواتین ڈبلز میں کائنات اور عالیہ نے پشاور کی امبر اور مہوش کو جبکہ مردوں کے ڈبلز میں پولیس کے مسعود اور طاہر نے واپڈا کے شعیب ریاض اور تحسین کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کئے۔ ڈائریکٹر سپورٹس خیبرپختونخوا پولیس اے آئی جی زیب اﷲ خان نے کھلاڑیوں میںانعامات تقسیم کئے ، صوبائی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے سیکرٹری امجد خان ،ڈسٹرکٹ صدر بیڈمنٹن ایسوسی ایشن میاں صداقت شاہ ، آرگنائزنگ سیکرٹری حیات اﷲ ، ندیم خان،سپورٹس انچارج پولیس نعیم ، اخترحسین،امداد،وحید لالہ بھی موجود تھے۔ پولیس سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے مرد سنگلز فائنل میں طاہر خان نے 21-18اور21-19 سے کامیابی حاصل کی ، خواتین ٹیم ایونٹ میں ایبٹ آباد کی کائنات اور عالیہ نے پشاور کی امبر اور مہوش کو 21-16 اور21-15 سے شکست دی جبکہ جبکہ مردوں کے ڈبلز میں پولیس کے مسعود اور طاہر نے واپڈا کے شعیب ریاض اور تحسین کو 21-19-21-16 سے،خواتین سنگلز میں ایبٹ آباد کی کائنات نے پشاور کی مہوش کو 21-16 اور21-18 سے ہراکر فاتح ہونے کا اعزاز حاصل کیا ۔ سیمی فائنل میں پولیس کے ہارون نے پشاور کے قاری عدنان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 21-15 ، 17-21 اور21-18 سے، پولیس کے طاہر خان نے واپڈا کے شعیب ریاض کو تین صفر سے ،خواتین سیمی فائنل میں پشاور کی مہوش نے پشاور کی امبر کو جبکہ ایبٹ آباد کی کائنات نے ایبٹ آباد کی جوریہ کو تین صفرسے شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی ۔