• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگر آپ طالب علم ہیں اور کسی ایسے کیریئر کو اپنانے کے خواہاں ہیں، جہاں آپ کو پیسے بھی ملیں اور آپ کی صلاحیتوں میں بھی نِکھار آئے تو بلاشبہ آج کل سب سے منافع بخش کاروبار یا پیشہ اسکرپٹ رائٹنگ ہے۔ ڈرامہ ہو یا سیریل، ٹیلی فلم ہو یا پھر دستاویزی اور سینما اسکرین کے لیے فلم، ان میں سب سے زیادہ اہمیت اسکرپٹ رائٹنگ کی ہے کیونکہ اچھی کہانی کے بغیر نہ تو ہدایت کار کوئی کمال دکھا سکتا ہے اور نہ ہی اداکار۔ تو پھر کیوں نہ اس ہنر کو سیکھا جائےکیونکہ ہرکوئی معیاری اورمنفرد کہانی کا متلاشی ہے۔

ٹائٹل پیج بنائیں

سب سے پہلے صفحے کے درمیا ن جلی حروف میں ڈرامے کاعنوان اور اپنا نام،فون نمبر ،ایجنٹ کا نام اگر کوئی ہے، تو درج کریں۔

درست فونٹ، حاشیہ اورفاصلہ

اپنے الفاظ کافونٹ پوائنٹ رکھنا ہوگا اور حاشیہ ڈالتے ہوئے صفحے کے اوپر منظر کا تعارف پیش کرنا ہوگا،جیسے:تعارف۔سارہ کا اپارٹمنٹ۔کچن۔ رات کا وقت وغیرہ۔

منظر نگاری اور کرداروں کی ترتیب باندھیں:سین سے پہلے صفحے کے’’ اوپر سے نیچے کی جانب لکیریں ‘‘(slug lines ) کھینچیں،جس میں کسی بھی ایکشن کی جگہ کا ذکر کریں کہ وقوعہ باہر کاہے یا اندرکا،مطلب اس کی لوکیشن کیا ہے؟ دن کا وقت ہے یا رات کا؟ کرداروں کے نام جلی حروف میں درج ہوں اور اس کے سامنے مکالمے،جو اس بات پر منحصر ہے کہ آپ کے اسکرپٹ کی نوعیت کیا ہے اور مکالموں کے ساتھ ہی بریکٹس میں ہدایات (مثلاً غصے سے۔دھیمے لہجے میں) وغیرہ درج ہوں۔

پیشکش کا فارمٹ درست رکھیں

اگر آپ مووی کا اسکرپٹ لکھ رہے ہیں تو اس کا فارمٹ اسی انداز سے رکھیں۔ اگر آپ ڈراما لکھنے کے خواہاں ہیں تو مروجہ فارمٹ میں لکھنا ہوگا۔ یہ بنیادی طور پر ایک سے ہوتے ہیں لیکن معمولی ان میں فرق موجود ہوتا ہے، اس کے لیے آپ پہلے سے تحریر شدہ اسکرپٹس کے مسودوں کو دیکھ کر اس فرق کو جان سکتے ہیں، جس کے لیے آج کل گوگل سے بڑا کوئی دوست نہیں۔

کہانی کا مکمل خاکہ ترتیب دیجیے

کہانی میں مکمل تفصیلات بیان کیجیے، جس میں آئیڈیاز کی تفصیلات ہوں کہ آپ کی کہانی کا بنیادی مقصد کیا ہے اور اس کا مرکزی خیال کیا ہے۔اس میں آپ اسٹوری بورڈ استعمال کرکے پلاٹ، کرداروں اور دیگر تفصیلات کو ڈرائنگز اور ڈایا گرامز کے ذریعے بیان کر سکتے ہیں۔

اپنی تحریر سادہ رکھیے

اگر آپ سمجھتے ہیں کہ تصوراتی اور فلسفیانہ مکالموں سے آپ دیکھنے والوں کا دل جیت لیں گے تو یہ آپ کی غلط فہمی ہے۔ مکالمے جتنے سادہ اور مروج زبان میں ہوں گے، اتنا عوام کو اپیل کریں گےالبتہ عوام کے ذوق کو بہتربنانے کے لیے گہرے فلسفیانہ جملے بھی تحریر کیے جاسکتے ہیں۔

اپنا اسٹائل برقرار رکھیں

یاد رکھیں کہ اسکرپٹ، ایکشن اور ڈائیلاگ پر مشتمل ہوتے ہیں، اس لیے اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے کردار حقیقی انداز میں بات کریں۔ اپنے اسٹائل کو مکس کرنے کی کوشش نہ کریں۔ جس نوعیت کا کردار تخلیق کیا گیا ہے، اس کے لحاظ سے مکالمے تحریر کریں۔

حاضرین کو متوجہ رکھنے کیلئے ضروری باتیں

ایکشن مختصر رکھیں اور مکالموں پر زیادہ وقت دیں۔ ہر ایک کردار کے پیشے کے حساب سے مکالمے تحریر کریں،تاکہ مصنوعی پن نہ جھلکے،کٹ ٹو کٹ شاٹس کا امتزاج اس طرح ہوکہ ہر ڈائیلاگ کا اختتام دوسرے کرداروں سے جا ملے۔

زیادہ نہ لکھنے کو یقینی بنائیں

یہاں اختصار تحریر کی روح ہے، جہاں ہر ایک حرف کا دورانیہ مقرر ہے، جو کم از کم فی صفحہ ایک منٹ ہے۔ اس دورانیے میں آپ کا مکالمہ مکمل ہونا چاہیے۔ انہیں اشتہاری الفاظ کی طرح تول تول کر لکھنا پڑتا ہے۔

اسکرپٹ مکمل کرنے کے بعد لازمی امور

اپنے اسکرپٹ کی کاٹ چھانٹ کیجیے۔ خودہی اسکرپٹ ایڈیٹر بن کر غیر ضروری تفصیلات نکال لیجیے۔یہاں اپنے مسودے کا تنقیدی نگاہ سے جائزہ لیجیے،جوکام اسکرپٹ ایڈیٹر کرتا ہے، وہی آپ بھی کریں۔مسودہ مکمل ہونے کے بعد اگر پسند نہ آئے تو اپنا پورا مسودہ نئے سرے سے لکھیں۔ہر قسم کے جھول کو ختم کرکے اسے اپنے مخلص دوستوں کو دکھائیے۔ ا ن کے دیے گئے مشوروں کی روشنی میں دوبارہ لکھیے !اگر پھر بھی تسلی نہیں ہوتی تو سہہ بار لکھیے !بھلے سےبیسیوںبار لکھنا پڑے،مگر لکھیے!آپ کا پہلا اسکرپٹ ہی اتنا شاندار ہونا چاہیے کہ آن ایئر ہوتے ہی واہ واہ ہوجائے۔ کم لکھیے لیکن ایسا لکھیے جو دلوں کوچھُولے۔ تمام بڑے اور مشہور اسکرپٹ رائٹر ایسا ہی کرتے ہیں،جب تک وہ خود مطمئن نہیں ہوتے اپنے مسودوں میں کاٹ چھانٹ کرتے رہتے ہیں۔ آپ کو بھی یہی کرنا پڑے گا جس کا انعام و اکرام کامیابی کی صورت میں ملے گا۔

تازہ ترین