• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایچ ایف نے پرولیگ میں شرکت کے فیصلے کیلئے وقت مانگ لیا

صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن طارق بگٹی
صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن طارق بگٹی

صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن طارق بگٹی نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایف آئی ایچ سے پرو لیگ میں شرکت کے فیصلے کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔ 

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پرولیگ کے حوالے سے حکومت سے بات چیت جاری ہے جلد اچھی خبر آ ئے گی۔ 

طارق بگٹی نے کہا کہ ایف آئی ایچ نے 12 اگست تک بتانے کی ڈیڈ لائن دی تھی 20 اگست تک ڈیڈ لائن بڑھانے کی درخواست کی ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ پرو ہاکی لیگ میں شرکت سے کھلاڑیوں کو ایکسپوژر ملے گا ٹیم کی رینکنگ بہتر ہو گی، پرو ہاکی لیگ کے لیے 35 کروڑ روپے کا بجٹ بنا کر بھیجا ہے۔

طارق بگٹی نے کہا پرو ہاکی لیگ سمیت سال بھر کے دیگر ایونٹس کے لیے 70 کروڑ روپے درکار ہوں گے، ایشیا کپ کے لیے بھارت جانے کا فیصلہ حکومت کو کرنا یے، حکومت پاکستان جو فیصلہ کرے گی ہم اس کے مطابق چلیں گے۔ 

انھوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اس وقت بہت چیزیں چل رہی ہیں، انگلینڈ میں جو رویہ دکھایا گیا وہ مثبت نہیں ہے۔ وقت کم ضرور ہے لیکن ہمارے کھلاڑی پریکٹس میں ہیں۔ 

طارق بگٹی نے کہا کہ ہمارے بھارت میں کھیلنے کے حوالے سے خدشات پائے جاتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پہلے ہمارا وفد بھارت جائے اور وہ وہاں کے حالات دیکھے اور پھر ہم کوئی فیصلہ کریں۔ 

انکا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ میں نیوٹرل وینیو کی مثال ہے لیکن ہاکی میں ایسا نہیں ہے، ہم اپنے تحفظات کے حوالے سے اے ایچ ایف کو آگاہ کر رہے ہیں، ہم بھارتی میڈیا سے پاکستان ٹیم کو ملنے والی دھمکیوں کا سن رہے ہیں۔ 

طارق بگٹی نے کہا کہ صدر و سیکریٹری کے اختلافات تو ہم پہلے دن سے سن رہے ہیں ہم میں سے کوئی کہیں نہیں جا رہا، ہم ہر ایونٹ کے فائنل میں پہنچ رہے ہیں اور ایونٹ میں جا رہے ہیں۔ کچھ لوگ اب بھی باتیں کر رہے ہیں کہ پرو لیگ میں جانا پیسے کا ضیاع ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے اکاؤنٹس میں پیسے جانا شروع ہو گئے ہیں پہلے مرحلے میں لوکل ڈیلیز دی جا رہی ہیں، کھلاڑیوں کو اپنی مجبوریوں کا بتایا ہے جو انہوں نے تسلیم کی ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید