• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: موبائل فون نے قتل کی سازش بے نقاب کردی، بیوی ہی شوہر کے قتل میں ملوث نکلی

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارت میں بیوی نے اپنے شوہر کو 50 ہزار روپے کے عوض قتل کروادیا، ایک سال بعد موبائل فون نے قتل کی سازش کو بے نقاب کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس نے مفرور مجرم کی گمشدگی کی تفتیش کے دوران ایک سال پہلے ہونے والے قتل کا معمہ حل کرلیا، دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ مقتول کی 34 سالہ بیوی سونیا ہی اپنے 42 سالہ شوہر پرکاش کو قتل کروانے میں ملوث نکلی۔

رپورٹ کے مطابق سونیا کی پریتم پرکاش سے 16 برس کی عمر میں شادی ہوئی تھی، دونوں کے تین بچے ہیں، پریتم غیر قانونی اسلحہ، ڈکیتی اور اغوا جیسے جرائم میں ملوث ہونے کے ساتھ منشیات کا عادی بھی تھا اور اپنی بیوی پر تشدد کرتا رہتا تھا، جس سے تنگ آکر سونیا نے آن لائن ٹیکسی ڈرائیور  روہت سے 2023 میں سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد اس سے شادی کا منصوبہ بنایا۔

2 جولائی 2024 کو شوہر سے جھگڑے کے بعد سونیا اپنی بہن کے گھر سونی پت (ہریانہ) چلی گئی تھی، جہاں سونیا نے روہت سے اپنے شوہر پریتم کو قتل کرنے کی درخواست کی، اس نے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے 6 لاکھ روپے مانگے، رقم نہ ہونے پر سونیا نے دوسرے منصوبے پر عمل کرتے ہوئے اپنے بہنوئی کے بھائی وجے کو 50 ہزار روپے میں شوہر کو قتل کرنے پر راضی کرلیا۔

جس کے بعد 5 جولائی 2024 کی رات وجے نے پریتم کو قتل کرکے لاش کپڑے میں لپیٹ کر قریبی نالے میں پھنک دی، سونیا نے پریتم کا موبائل دیکر اسے ضائع کرنے کو کہا مگر روہت فون استعمال کرتا رہا اور اس غلطی نے دونوں کو پکڑوا دیا۔

پریتم کے لاپتا ہونے پر کرائم برانچ نے اس کا موبائل ٹریس کیا تو آخری لوکیشن سونی پت  کی ملی، جسے روہت استعمال کررہا تھا، پولیس نے اسے حراست میں لے کر تفتیش شروع کی تو اس نے سارا راز اگل دیا، جس کے بعد پولیس نے سونیا کو حراست میں لیا تو اس نے بھی شوہر کے قتل کی منصوبہ بندی کا اعتراف کر لیا، جبکہ پریتم کو قتل کرنے والا وجے پہلے ہی ایک چوری کے مقدمے میں جیل میں ہے۔

پولیس نے پریتم کی لاش نالے سے  برآمد کرلی اور ڈی این اے کے نمونے حاصل کر کے شناخت کا عمل شروع کردیا ہے، جبکہ سونیا اور روہت کو قتل اور سازش کے الزامات میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

مقتول کی اہلیہ نے پولیس کو بتایا کہ اس نے شوہر کے قتل کے بعد اس کے قاتل وجے کو 50 ہزار روپے دیے، جس کے بعد پریتم کی ایک گاڑی  2 لاکھ 80 ہزار میں فروخت کرکے اس میں سے کچھ رقم روہت کو دی اور باقی خود خرچ کردی، جبکہ شوہر کے فون سے متعلق اس نے روہت سے پوچھا کہ کیا اسے توڑ دیا تو اس نے جھوٹ بولتے ہوئے کہا کہ جی فون توڑ دیا ہے، مگر اس کا یہی جھوٹ دونوں کو پکڑوانے کی وجہ بنا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید