• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیّبہ جبیں،گوجر سنگھ، لاہور

’’رائتہ‘‘ درحقیقت بنگالی زبان کا لفظ ہے۔اسے سنسکرت کے لفظ ’’راجیکا‘‘ (Rajika) سے اخذ کیا گیا ہے،جس کا مطلب، فوڈ انرجی یعنی غذائی طاقت کا ماخذ ہے۔رائتے کا استعمال سب سے پہلے برّصغیر پاک و ہند میں ہوا۔ اس کی غذائی تاثیر سرد ہے اور حرارے بہت کم مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ رائتہ، بنیادی طور پر دہی سے تیار کیا جاتا ہے اور دہی وٹامن ڈی اور کیلشیم کا بہترین ماخذ ہے، جس سے ہڈیاں مضبوط و توانا رہتی ہیں۔ پھر مسالے دار کھانوں کے ساتھ اس کا استعمال، جسم میں اعتدال اور توازن پیدا کرکے معدے کی جلن اور تیزابیت سے بچائو کا سبب بنتا ہے۔ 

ماہرینِ اغذیہ نے غذا کو متوازن بنانے کے لیے اسے چھے حصّوں میں تقسیم کیا ہے۔دودھ اور دودھ سے بنی اشیاء، گوشت اور انڈے، سبزیاں اور پھل، اناج، دالیں، گھی اور کولیسٹرول، چینی اور اس سے بنی اشیاء۔یہ تمام اشیاء متوازن مقدار میں ہمارے روزمرّہ کے غذائی شیڈول میں موجود ہونا ضروری ہیں۔اسی لیے دودھ سے بنی اشیاء میں دہی کا روزانہ استعمال خوراک کو متوازن بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔اسی اہمیت کے پیشِ نظر اگر ہر کھانے کے ساتھ ذائقے دار رائتہ بھی دسترخوان کی زینت ہو، تو اس کے جسمانی صحت پر یقیناً مفید اثرات مرتّب ہوں گے۔تو لیجیے،آج آپ کے لیے کچھ منفرد رائتوں ہی کی تراکیب حاضر ہیں۔

آلو کا رائتہ: ایک پائو آلو نمک ڈال کر اُبلنے کے لیے رکھ دیں،جب اُبل جائیں،تو چھیل کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔ اب ڈیڑھ پائو دہی میں ایک چھٹانک بالائی اور ذرا سا دُودھ ملا کر پھینٹیں اور اس میں ایک عدد پیاز باریک کاٹ کر ڈال لیں۔ پھرحسبِ ذائقہ نمک، لال مرچ، پِسا ہوا گرم مسالا شامل کردیں۔ اُوپر سے ہرا دھنیا کاٹ کر چھڑک دیں۔آلو کا لذیذ رائتہ تیار ہے۔

کھیرے کارائتہ:حسبِ ضرورت دہی میں ایک چوتھائی پیالی دُودھ یا بالائی ڈال کر پھینٹ لیں اور پھر اس میں حسبِ ذائقہ نمک، پِسی ہوئی کالی مرچ، سفید زیرہ اور کُٹی ہوئی ہری مرچیں شامل کردیں۔ کھیرے دھو کر چھیلیں اور باریک کاٹ کر دہی میں مکس کردیں۔اس کے بعد تھوڑی سی کشمش، پستہ اور اخروٹ بھی ڈال دیں۔ یہ رائتہ کھیرے کے بغیر بھی بنایا جا سکتا ہے،مگر پھر خشک میوہ جات کی مقدار بڑھا دیں۔

لوکی کارائتہ: لوکی چھیل کر، کدوکش کرکے اُبال لیں اور خشک کرکے ٹھنڈی کرلیں۔اس دوران دہی پھینٹ کر اس میں حسبِ ذائقہ نمک، پِسی ہوئی لال مرچ، کالی مرچ، پیاز، سفید زیرہ اور ہری مرچیں ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔اب اس میں لوکی ڈال کرایک بار پھر خُوب اچھی طرح پھینٹ لیں۔ باؤل میں ڈال کر اس پر ذرا سی لال مرچ، کالی مرچ، بھنا، پِسا ہوا سفید زیرہ، ہرا دھنیا اور پودینا چھڑک دیں۔

بینگن کا رائتہ : آدھا کلو دہی تھوڑا سا دُودھ یا پانی ڈال کر پھینٹ لیں۔پھر اس میں حسبِ ذائقہ نمک، سفید زیرہ، لال مرچ، ایک چھٹانک کتری ہوئی پیاز، چار ہری مرچیں اور آدھا چائے کا چمچ پِسی ہوئی کالی مرچ شامل کردیں۔ دو، تین پائو بینگن اُبالیں اور چھلکا اُتار کر میش کرکے، دہی میں مکس کردیں۔ آخر میں ہرا دھنیا اور پودینا چھڑک دیں۔

ٹماٹر کا رائتہ: دہی پھینٹ کر اس میں حسبِ ذائقہ نمک، پِسی ہوئی لال مرچ، کالی مرچ، پیاز، سفید زیرہ اور ہری مرچیں اچھی طرح مکس کریں اور پھر ٹماٹر کے قتلے کاٹ کر شامل کردیں۔باؤل میں ڈال کر اُوپر سے پودینا، ہرا دھنیا، تھوڑی سی لال مرچ، کالی مرچ اور زیرہ چھڑک کر پیش کریں۔

مولی کا رائتہ: مولی کدوکش کرکے اس کا رس نکال دیں۔پھر دہی پھینٹ کر اس میں مولی، حسبِ منشاء نمک اور پِسی ہوئی کالی مرچ، دو، چار ثابت لال مرچیں(توڑ کر)، تھوڑا سا سفید زیرہ ڈال کر دوبارہ پھینٹ لیں۔ آخر میں ہرا دھنیا، پودینا اور ہری مرچیں کاٹ کر چھڑک دیں۔

زیرے کا رائتہ: ایک پائو دہی میں چارکھانے کے چمچ کھٹا دہی اور حسبِ ذائقہ نمک شامل کردیں۔ اب اس میں ایک چائے کا چمچ بھنا ہوا سفید زیرہ، آدھا کچلا ہوا کھیرا، باریک کٹی ہوئی آدھی پیاز، تھوڑا سا دھنیا،پودینا اور ایک ہری مرچ باریک کٹی ہوئی شامل کرلیں۔ باؤل میں ڈال کر پودینے کی چند پتیوں سے سجا دیں۔یہ رائتہ نظامِ انہضام کے لیے بھی بےحد مفید ہے۔

تازہ ترین