• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں پولیس ٹھیک کرنا عمران کا ٹیسٹ کیس تھا، جاوید عباسی

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما جاوید عباسی نے کہا ہے کہ پنجاب میں پولیس ٹھیک کرنا عمران خان کا ٹیسٹ کیس ہے،تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ہائوسنگ منصوبے میں انیل مسرت کا کردار نہیں ہے ،پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ حکومت صرف دعوے اور اعلانات ہی کررہی ہے ،تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا کہ ناصر درانی کا جانا پی ٹی آئی کے لئے بہت بڑا دھچکا ہے۔پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو اور تحریک انصاف کےفردوس شمیم نقوی کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی، تلخ کلامی کی ابتداء اس وقت ہوئی جب فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ پی پی کا نعرہ روٹی کپڑا اور مکان کا تھا مولا بخش چانڈیو کو شرم سے ڈوب مرنا چاہئے کہ پچاس سال میں اپنے چیئرمین کا وعدہ پورا نہیں کرسکے۔ اس کا جواب دیتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ فردوس شمیم کو بولنا نہیں آتا تو بات کرنے کی کیا ضرورت ہے انہیں شائستہ گفتگو کرنی چاہئے۔ پروگرام میں بیوروچیف جیو نیوز لاہور رئیس انصاری بھی شریک تھے۔فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ہاؤسنگ منصوبے میں انیل مسرت کا کردار نہیں ہے، ضیغم رضوی اور میں نے مل کر یہ ہاؤسنگ پالیسی بنائی تھی، انیل مسرت ہاؤسنگ منصوبے میں حصہ نہیں لیں گے البتہ دوسری کمپنیوں کو لانے میں مدد اور مشورے دیں گے۔جاوید عباسی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پریس کانفرنس اہم مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے کی، پنجاب میں پولیس ٹھیک کرنا عمران خان کا ٹیسٹ کیس تھا۔مولابخش چانڈیو نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ابھی صرف دعوے اورا علانات ہی کررہی ہے،وزیراعظم ہاؤس میں بھینسیں اور گاڑیاں عوام کے مسائل نہیں ہیں، سزائے موت ختم کرنے سے پہلے حالات کو ٹھیک کرنا ضروری ہوگا۔

تازہ ترین