• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکار نانا پاٹیکر کے خلاف ایف آئی آر درج


بالی ووڈ کے نامور اداکار نانا پاٹیکر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگانے والی اداکارہ تنوشری دتہ کی جانب سے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ تنوشری دتہ نے اداکار نانا پاٹیکر کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی ہے،کچھ روز قبل تنوشری نے انکشاف کیا تھا کہ نانا پاٹیکر نے انہیں آج سے 10 سال قبل ایک گانے کی شوٹنگ کے دوران جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ تنوشری دتہ نے ایف آئی آر میں نانا پاٹیکر کے ساتھ کوریو گرافر گنیش اچاریا، پروڈیوسر سمیع صدیقی اور ڈائریکٹر راکیش سارنگ کا نام بھی نامزد کیا ہے۔ 34 سالہ اداکارہ نے ایف آئی آر اممبئی کے علاقے اوشیواڑہ میں درج کرائی جس میں یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نانا پاٹیکر نے انہیں 2008 میں فلم کے گانے کی شوٹنگ کے دوران ہراساں کیا تھا۔

تنوشری دتہ کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ روز اپنے وکیل نیتن ستپوت کے ہمراہ نانا پاٹیکرکے خلاف ایف آئی آر درج کروانے ا وشیواڑہ پولیس اسٹیشن گئیں تھیں جہاں 5 گھنٹے سوال جواب کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد ایف آئی آر درج کی گئی۔

تنوشری نے بتایا کہ انہوں نے پولیس سے درخواست کی تھی کہ ان کے گھر آکر ان کا بیان لیا جائے لیکن پولیس سے آنے سے اکار کردیا تھا جس کے بعد انہیں نے خود اپنے وکیل کے ساتھ پولیس اسٹیشن جاکر اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔ انہوں نے مزید بتایا پولیس بضد تھی کہ وہ میراٹھی زبان میں بیان دیں لیکن انہیں میراٹھی نہیں آتی تھی جس پر انہوں نے پولیس سے درخواست کی کہ ان کا بیان انگریزی میں لیا جائے۔

تنوشری کےوکیل نیتن ستپوت نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ نانا پاٹیکر کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے سےتنوشری بے حد خوش ہیں، وہ گزشتہ 10 سالوں سے یہ چاہتی تھیں۔ انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ملزم کو جلد گرفتار کر کے پوچھ گچھ کا عمل شروع کیا جائےاور الزام ثابت کرنے کے لیے پولیس ثبوت جمع کرے گی۔

تازہ ترین