• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان پریس کلب بیلجیئم کے ارکان کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی اپیل پر پاکستان پریس کلب بیلجیئم کے ارکان نے یورپین کمیشن برسلز کی عمارت کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں پاکستان میں  صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل اور ان کے مطالبات سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔

شرکائے مظاہرہ چوہدری عمران ثاقب، محمد ندیم بٹ، شیراز راج، خالد حمید فاروقی،عرفان آفتاب، مسعود ملک اور حافظ انیب راشد نے اس موقع پر پاکستان میں صحافت اور صحافیوں کو درپیش مختلف مسائل اور ان کے مطالبات پر مشتمل کتبے اٹھا رکھے تھے ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پریس کلب کے صدر عمران ثاقب، جنرل سیکرٹری محمد ندیم بٹ، سینئر صحافیوں خالد حمید فاروقی، شیراز راج اور حافظ انیب راشد نے کسی بھی  سماج  میں آزادانہ صحافت کی موجودگی کی ضرورت پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد میڈیا کی موجودگی پاکستان میں جمہوریت کے تسلسل  کی علامت بھی ہے ۔ اس کا مختلف الخیال ہونا بذات خود اس بات کی ضرورت کا احساس دلاتا رہتا ہے کہ حکومت وقت تک معاشرے کے مختلف طبقات کی آواز پہنچتی رہے جس سے بالواسطہ طور پر حکومت کو اپنی پالیسیوں میں اصلاح کا موقع ملتا رہتا ہے ۔

دوسری طرف صحافت ہی ایسا ذریعہ ہے جس کے تحت حکومت بھی اپنے شہریوں تک اپنا موقف اور اپنی پالیسیوں کو پہنچا سکتی ہے ۔ ان سینئر صحافیوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگ اپنی  دانست میں سوشل میڈیا کو ایک باترتیب منظم اور آزاد میڈیا کا متبادل  سمجھ بیٹھے ہیں ۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ جس حکومت کو ابھی چند ہفتے بھی نہیں گزرے ، تمام تر محنت کے باوجود  اس کے بارے میں یہ تاثر عام ہوتا جارہا ہے کہ اسے معاملات کی خاص سمجھ نہیں ۔ ؎

انہوں نے کہا کہ یہ تاثر بذات خود عدم استحکام کا سبب بنتا ہے اس لئےہم وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر اطلاعات سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ آگے بڑھ کر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے ذریعے اٹھائے گئے مسائل کو حل کرنے میں  اپنا کردار ادا کریں۔

تازہ ترین