• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈونکی کنگ جیو فلمز کی بہترین کاوش ہے، پی ٹی آئی رہنما علیم خان

کراچی (محمد ناصر) پاکستان کی سب سے بڑی اور جیو کی پہلی اینی میٹڈ فلم ”دی ڈونکی کنگ“ نے ریلیز ہونے سے پہلے ہی ہر طرف دھوم مچادی ہے۔ بچے، بڑے، سیاستدان، ریسلررز اور اب کرکٹرز بھی اس فلم کے دیوانے ہوگئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ”دی ڈونکی کنگ“ کے ٹریلر، ٹیزر اور گانوں نے 60 لاکھ ہٹس حاصل کرلئے ہیں جبکہ فلم کی ریلیز میں صرف ایک دِن باقی رہ گیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے کہا ہے کہ اینی میٹڈ فلم ”دی ڈونکی کنگ“ جیوفلمز کی بہترین کاوش ہے۔ اچھی سرگرمیاں معاشرے کیلئے بہت ضروری ہیں۔ ملک میں ویسے بھی تفریح کا فقدان ہے ایسے میں ڈونکی کنگ جیسی شاندار فلم عوام کو بھر پور تفریح فراہم کرے گی۔ میں جیو کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اُمید کرتا ہوں کہ عوام کی بڑی تعداد اپنے بچوں کے ہمراہ یہ فلم دیکھنے سنیما گھر آئے گی۔ اُنہوں نے بتایا میں خود بھی اس فلم میں دلچسپی لے رہا ہوں اور یہ فلم ضرور دیکھنے جاؤں گا۔ سابق کپتان یونس خان نے بچوں کے ساتھ اور محمد عرفان نے بھتیجوں کے ساتھ دی ڈونکی کنگ دیکھنے کا پروگرام بنا لیا ہے۔ یونس خان نے کہا کہ ڈونکی کنگ کے گانے اتنے مقبول ہوگئے ہیں کہ اب ہر کسی کی زبان پر عام ہیں۔ فاسٹ بالر محمد عرفان نے بتایا کہ یہ فلم بہت ہی دلچسپ لگ رہی ہے، ہمارے گھر کے بچوں نے اس فلم کو دیکھنے کی فرمائش کی ہے ، اب یہ فلم سنیما گھر کی زینت بننے جارہی ہے اور میں اسے ضرور دیکھنے جاؤں گا اور بچوں کے ساتھ اس فلم کو انجوائے کروں گا۔ دوسری طرف پاکستانی پہلوان انعام بٹ بھی پاکستان کی سب سے بڑی اینی میٹڈ فلم دیکھنے کیلئے بے چین ہیں۔ انٹرنیشنل ریسلر نے کہا کہ ہم نے منگو اور ڈونکی کنگ کی بہت سی کہانیاں سن رکھی ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ میں اپنے بھتیجوں کے ساتھ اس فلم کو بڑے پردے پر دیکھنے جاؤں۔ عزیز جندانی کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں شوبز انڈسٹری کے نامور لوگوں نے اپنی آواز دی ہے۔ ”دی ڈونکی کنگ“ جیوفلمز اور طلسمین اینی میشن اسٹوڈیوز کے تعاون سے ہفتے کو ملک بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

تازہ ترین