• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم جس دور میں رہ رہے ہیں ،چاہے طالب علم ہوں یا پھر کسی پیشے سے وابستہ، چاروں طرف سے ہم پر معلومات کی بمباری ہورہی ہے، اس سے قطع نظر کہ یہ کس قدر ہمارے لیے اہم ہے یا ہمیں اس کی کتنی ضرورت پڑے گی۔ ہمارے کانوں اور آنکھوں سے ہوتی ہوئی بے بہا معلومات ہمارے دماغ میں ڈیرے ڈالتی جارہی ہے۔ اب مسئلہ یہ ہوتا ہے کہ معلومات کےاس ڈھیر سے ہم صحیح وقت پر کونسی معلومات یا علمی مواد اپنے امتحانی پرچے یا بزنس پروپوزل میں ڈالتے ہیں، جو موزوں ہے بھی یا نہیں، آیا کہ اس نے ہمارے خیالات کو صحیح سمت دی ہے یا صرف لفاظی ہی کی گئی ہے۔

جس طرح ہم ٹائم مینجمنٹ اور سیلف مینجمنٹ سے آشنا ہو چکے ہیں اور دنیا بھر میں اس پر بڑا کام بھی ہورہاہے ، اسی طرح نالج مینجمنٹ بھی ایک علم کے طورپر سامنے آئی ہے۔ ماہرین تعلیم اور دانشوروں کے مطابق نالج مینجمنٹ کو بھی سمجھنے کی ضرور ت ہے ۔ اس کی سیدھی سی تعریف ٹام ڈیونپورٹ نے1994ء میں دی تھی کہ نالج مینجمنٹ دراصل معلومات کو حاصل کرنے ، تقسیم کرنے اور مؤثر طریقے سے اسے استعمال کرنے کا ایک طریقِ عمل ہے۔ یعنی نالج مینجمنٹ بنیادی طور پر صحیح وقت پر صحیح شخص کو صحیح معلومات فراہم کرنے کے بارے میں ہے، جس پرپوری ایڈورٹائزنگ انڈسٹری کھڑی ہے۔

یہ کوئی پیچیدہ اصطلا ح نہیں بلکہ کارپوریٹ اسٹریٹجی سے بندھی ہے ، یعنی یہ دیکھنا ضروری ہے کہ کہاں سے، کس قسم کی معلومات حاصل کی گئی ہیں اور اس کے مطابق ایسا طریقۂ کاراختیار کیا جائے، جو اگر ادارے کے کام کرنے کے عوامل کیلئے استعمال ہو تو اس کے ارکان اسے نہ صرف قبول کریں بلکہ اس کیلئے معاون بھی ثابت ہوں۔ نالج مینجمنٹ میں نئی معلومات تخلیق بھی کی جاسکتی ہیں، اس کے علاوہ اس میں صرف معلومات کا پھیلائو، اس کو ذخیرہ کرنا اور نِکھارنا بھی شامل ہوسکتاہے۔

یہ یاد رکھنا ضروری ہےکہ نالج مینجمنٹ صر ف علم کی انتظام کاری کا نام نہیں ہے بلکہ مجموعی طور پر یہ ادارے کےمقاصد پورا کرنےکیلئے، اس کے علمی اثاثےمیں نِکھار لانے، اس کو قابل قدر بنانے اوراسے آگے بڑھانےکیلئے استعمال کی جاتی ہے۔ نالج مینجمنٹ کا اطلاق کئی سمتوںمیں کیا جاسکتاہے۔

حکمت عملی(Strategy)

نالج مینجمنٹ کی حکمت عملی لازمی طور پر کارپوریٹ حکمت عملی پر منحصر ہوتی ہے۔ اس کا مقصد متعلقہ علمی اثاثوں کو تخلیق، منظم اور شیئر کرنا ہوتا ہے، جو تدبیری اور حکمت عملی کی ضروریات پورا کرنے میں مدد کرتے ہیں۔

ادارے کا ماحول (Organizational Culture)

کسی بھی ادارے میں انتظامی کلچر لوگوںکے بات کرنے کے طریقے پر اثر انداز ہوتاہے، جہاں وہ معلومات تخلیق کی جاتی ہے، وہ کسی مخصوص تبدیلیوںکے خلاف مزاحمت کرسکتے ہیں اور معلومات کو اپنے طریقے سے آگے شیئر کرسکتے ہیں ( اور ہو سکتاہے نہ بھی کریں )۔

ادارے کا طریقۂ کار (Organizational Processes)

درست طریقۂ کار، ماحول اور سسٹمز جو نالج مینجمنٹ کوادارے میں لاگو کرنے کے قابل بناتے ہیں۔

انتظام کاری اور قیادت (Management and Leadership)

نالج مینجمنٹ کو ہر سطح پر قابل اور تجربہ کار قیادت کی ضرو رت ہوتی ہےکیونکہ نالج مینجمنٹ کے کردار کی کئی جہتیں ہوتی ہیں ، جن کی ادارے کو ضرورت ہوبھی سکتی ہے اور نہیں بھی، بشمول چیف نالج آفیسر (CKO)، نالج مینجر ز، نالج بروکرز یا پھر کسی اور شکل میں۔

ٹیکنالوجی (Technology)

سسٹمز ، ٹولز اور ٹیکنالوجیز، جو ادارے کی ضروریات پر پورا اتریں اور جنہیں باقاعدہ ڈیزائن کرکے ان کا اطلاق کیا جاتاہو۔

سیاست (Politics)

طویل عرصے تک سپورٹ کرنے اوربرقرار رہنے والے اقدامات، جو عملی طورپر ادارے کے عوامل میں ملوث ہوں ۔ ہو سکتا ہے کہ ان کا اطلاق مہنگا ثابت ہو ( وقت اور پیسے کے نقطۂ نگاہ سے) کیونکہ اکثر اس سرمایہ کاری کا فائدہ براہ راست دکھائی نہیں دیتا۔

ماضی میں بہت سے اقدامات اسی لیے ناکام ہوگئے کیونکہ ان کی توجہ بنیادی نالج مینجمنٹ ٹولز، سسٹمز اور دیگر چیزو ں پر مرکوز تھی جبکہ یہ بات ابھی تک سچ ہے کہ نالج مینجمنٹ لوگوںاور لوگوں کی بات چیت کے بارے میں ہوتی ہے۔ نالج مینجمنٹ نے ایک طویل سفر طے کیا ہے اور یہ اختیاری حصے سے ڈھل کر لازمی حصہ بن گئی ہے۔ آج ایسے سسٹمز غیر منظم خیالات اور آئیڈیاز کو حاصل کرنے کی اجازت دے سکتے ہیںاوردنیا بھر کے لوگوں کے درمیان قریبی رابطے کی اجازت دیتے ہوئے ایک غیر حقیقی کانفرنسنگ بھی تخلیق کرسکتے ہیں۔

آپ ایم بی اے کررہے ہوںیا کوئی بھی اعلیٰ سطح کی ڈگری کی تعلیم لے رہے ہوں، آپ کو نالج مینجمنٹ کے بارے میں بھی کافی نالج ہونی چاہئے تاکہ جب آپ کسی کمپنی میں داخل ہوں تو نئے دور کی نئی اصطلاحات کو جانتے ہوں اورکمپنی کی ترقی میں ان کے درست استعمال سے بھی واقف ہوں۔

تازہ ترین