• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کی تعمیر میں قدرتی خوبصورتی کو شامل کریں

کیا آپ کو قدرتی ماحول پسند ہے؟ کیا گھر سے باہر نکلتے ہی ارد گرد پھیلی خوبصورتی آپ کو متاثر کرتی ہے؟ اگر ان دونوں سوالوں کا جواب ہاں میں ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ قدرتی ماحول آپ کو خاصا متاثر کرتا ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ قدرتی ماحول کسی بھی گھر کی تازگی اور خوبصورتی میں اضافہ کر تاہے، اس کیلئے پودوں کی قسم اور حجم سے زیادہ ان کی جگہ اہمیت رکھتی ہے۔ قدرتی خوبصورتی کاہلکا سا احساس کسی بھی جگہ کو ایک منفرد اندازفراہم کرسکتا ہے۔ اگرآپ اپنے گھر میں قدرتی خوبصورتی اور جدت کا حسین امتزاج چاہتے ہیں تو مندرجہ ذیل تجاویز پر غور کریں۔

باتھ ٹب کے عقب میں پتھروں کی دیوار

گھر میں قدرتی خوبصورتی لانے کا سب سے بہترین طریقہ قدرتی پتھروں سے دیوار کی تعمیر ہے۔ قدرتی پتھروں جیسا حسن کہیں اور نہیں، یہ کسی بھی رنگ کے ساتھ اچھا لگتا ہے خاص کر سفید رنگ کے ساتھ۔ اپنے باتھ روم کے لیے ایسا پتھر منتخب کریںجواس میں سب سے اچھا لگے۔ پتھر کی دیوار عام گھروں کےلیے ایک منفرد تجویز ہے جسے اپنے اردگرد کے ماحول میں آپ نے کم ہی دیکھا ہوگا۔ پتھر کی دیوار کے لیے مختلف رنگ اور پیٹرن مارکیٹ میں موجود ہیں، جن میں گہرے رنگ کے پتھروں کا انتخاب بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔

گھر کے اندرونی حصے میں سبز دیوار

کہتے ہیں کہ سبز رنگ بوجھل طبیعت کے لیے پرسکون اور آنکھوں کی ٹھنڈک کا باعث بنتا ہے۔ سبز دیوارآپ کے باتھ روم کو پُر مسرت اور پرسکون بنانے کے لئے بہترین ہے۔ باتھ روم ہی نہیں اگر اس دیوار کو بیڈروم یا لیونگ روم کی زینت بھی بنا یا جائے تو یہ کسی صورت گھاٹے کا سودا نہیں۔ اس اسٹائل کو اپنا نے کے لیے کسی سادہ سی دیوار پر بیک ڈراپ نصب کروائیں بعدمیں اس دیوار کو صرف سبزہ کے لیے مختص کردیں۔ یہ دیوار گھر کو قدرتی ماحول جیسا حسن دینے میں کامیاب رہے گی۔

ان ڈور گارڈن

ان ڈور پلانٹس کے ذریعے گھر میں قدرتی خوبصورتی کے لیے ان ڈور گارڈن بھی ایک بہترین انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔ گھر کے مخصوص حصوں میں ان ڈور گارڈن کے لیے کچھ حصہ مختص کرکے خوبصورتی کے ساتھ پرسکون فضا حاصل کریں۔ پھول اور پودے آنکھوں کی تراوٹ اور ہماری جمالیاتی حِس کی تسکین کا باعث ہیں۔ اس سے حاصل کی جانے والی تازگی ایک ایسی نعمت ہے جس کا کوئی متبادل نہیں۔

اگر آپ کے گھر میںسیڑھیوں کے نیچےیا داخلی حصے میںجگہ دستیاب ہے تو اس کو باغیچہ بنانے کے لیے تیار کر لیں۔ آپ کو سارا باغیچہ پودوں سے بھرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ کچھ پودے لگائیں جبکہ پتھر اور دیگر اشیا سے سجاوٹیں کریں۔

گھر کے بیرونی حصے میں سبز دیوار

یہ آئیڈیابظاہر ورٹیکل گارڈن سے لیا گیا ہے۔ آؤٹ ڈور گارڈ ن میں جس طرح عمودی پودے دلکشی میں اضافہ کرتے ہیں، اسی طرح سبز دیوار گھر کےاندرونی ہی نہیں بیرونی حصے کی خوبصورتی میں بھی اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔ اس دیوار کی تعمیر کے لیے آپ کا آؤٹ ڈور لیونگ ایریا بھی ایک بہترین انتخاب ہے۔ سٹنگ ارینجمنٹ کا بیک ڈراپ اگر سبز دیوار کے ہمراہ ہو تو یہ کسی بھی آنے والے کی نگاہ کو ٹھہرنے پر مجبور کردے گا۔

داخلی حصہ اور لٹکے ہوئے گملے

ماہرین کی رائے کے مطابق کسی بھی گھر کا داخلی حصہ متاثر کن ہونا چاہیے، اس حصے کوکھلا نہ چھوڑیں۔ پہلا مرحلہ سائبان کا ہے، نفیس اور سادہ ڈیزائن والے لکڑی کے پلرز سے سائبان بنوائیں، جو ایک ہی وقت میں مضبوط بھی ہو اور نرم بھی۔ اگر آپ کو پورا باغ بنانے میں دلچسپی نہیں تو آپ کچھ منفرد ترکیب پر عمل کر یں یعنی کچھ لٹکے ہوئے گملے بھی آپ کے داخلی حصے کو متاثر کن بنانے میں معاون ہوں گے۔

ورٹیکل گارڈن

اگر آپ کے پاس بہت تھوڑی سی جگہ ہے اور وہاں چھت بھی نہیں ہے تو آپ ایسی جگہ پر کیاری بناکر پودے بھی اُگا سکتے ہیں۔ عمودی طرز کا یہ باغیچہ بہترین انتخاب ہے کیونکہ یہ کم جگہ گھیرتا ہے اور دیکھ بھال میں بھی آسان ہے۔

لکڑی کا استعمال کچھ تخلیقی انداز میں

تعمیرات میں لکڑی ہمیشہ ہی ایک دلچسپ انتخاب ثابت ہوتی ہے۔ اِس سے بنائی گئی جگہیں نفاست، اپنائیت اور قدرتی خوبصورتی کا منہ بولتا ثبوت ہوتی ہیں۔ لکڑی سے مختلف اشیاتخلیق کی جاتی ہیں، جو آپ کے گھر کی ہیئت کو بدل کر رکھ دیتی ہیں۔ لکڑی کے دروازےیا الماریوں سے کچھ ہٹ کر سوچیں، جیسا کہ کمرے کی چھت کے لیے لکڑی کا استعمال بہترین ثابت ہوسکتا ہے یا پھر آپ کا ڈریسنگ روم کے لیے۔ ڈریسنگ روم کے ڈریسر کے چاروں اطراف لکڑی کی باڑ یا پھر لکڑی کے ڈھانچے اور شفاف دیواروں والا آؤٹ ڈورایریا بنوایا جاسکتا ہے تا کہ گھر میں ایسی جگہ شامل کی جا سکے جو باغ سے رابطے کا ذریعہ ہو۔

تازہ ترین