• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے کئی حصوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ دنوں میں بھی مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ بارش ربِ کریم کی جانب سے انسانوں پر رحمت بناکر برسائی جاتی ہے۔ تاہم، انسانوں کی جانب سے غلط پلاننگ اور دوراندیشی نہ ہونے کے باعث، بارش میں ہمیں کئی پریشانیوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، جیسا کہ بارشوں میں چھتوں سے پانی ٹپکنا، اے سی فٹنگ سے گھر کے اندر پانی کا رساؤاور بیرونی کھڑکیوں سے بارش کے پانی کا اندر آنا، سنگین مسئلہ بن جاتا ہے۔ اور تو اور، رہی سہی کسر، ہمارے ٹاؤن پلانرز اور سول انجینئرز پوری کردیتے ہیں کہ جس طرح وہ شہر کی مرکزی اور اندرونی سڑکیں بناتے ہیں، اس کی بدولت چند سال بعد ہمارے گھر نیچے اور گلیاں اونچی ہوجاتی ہیں، جس کی وجہ سے گلی محلے کا پانی بھی ہمارے گھروں میں داخل ہوجاتا ہے۔ ہمیں اپنے گھروں کی تعمیرات میں ایسا کیا کرنا چاہیے کہ وہ بارش کے اثرات سے محفوظ رہیں، آئیے جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔

چھت، سب سے اہم

اگر آپ نیا گھر تعمیر کروارہے ہیں تو بارشوں سے محفوظ رہنے کے کے لیے چھت پر خصوصی توجہ دیں۔ چھت سے بارش کا پانی نکالنے کے لیے نکاسی کے نظام کو ہرگز نظرانداز نہ کریں اور اس میں بچت کے طریقے نکالنے سے گریز کریں، کیونکہ یہ آپ کی ایک بار کی ایسی سرمایہ کاری ہے، جو طویل عرصے تک آپ کا ساتھ دے گی۔ ایک سے زیادہ مقامات پر پانی نکالنے کا نظام بنوائیں، تاکہ اگر ایک جگہ کسی وجہ سے پانی کی نکاسی رُک جائے تو دوسری جگہ سے پانی کا بہاؤ جاری رہے اور کسی طور پر بھی چھت پر پانی رُک نہ پائے۔ اگر آپ پُرانی چھت کی مرمت اور بحالی کا کام کرانا چاہتے ہیں تو پلستر میںپڑنے والے کسی بھی شگاف کو نظرانداز نہ کریں۔ اس سلسلے میں سب سے بہترین کام آپ یہ کرسکتے ہیں کہ چھت کو ’واٹر پروف کوٹنگ‘ کرالیں۔ اگر چھت میں سلیب کا استعمال کیا گیا ہے تو، سلیب میں آنے والے شگافوں کو سفید سیمنٹ سے بھریں۔ اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ چھت کی سطح پوری طرح ہموار ہو اور پانی آسانی کے ساتھ بیچ چھت میں کہیں رُکے بغیر بہہ جائے۔

ایئرکنڈیشنر کی تنصیب

آج کے زمانے میں ایئرکنڈیشنر تقریباً ہر گھر کی ضرورت بن گیا ہے اور گھر کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد ایئرکنڈیشنز چند بنیادی لوازمات میں شامل ہوتا ہے۔ تاہم ایئرکنڈیشنز کی تنصیب کے لیے آپ کو کسی ماہر اِنسٹالر کی خدمات حاصل کرنی چاہئیں یا پھر آپ جس برانڈ کا ایئرکنڈیشنر خرید رہے ہیں، اس کے ڈیلرز خود بھی تنصیب کرنے کی خدمات فراہم کرتے ہیں۔ دیوار میں ایئرکنڈیشنر کی تنصیب کے بعد اس کی انسولیشن پر خصوصی توجہ دیں اور دیوار کے شگاف کی دوبارہ سے اچھی طرح بھرائی کرکے پلستر کروائیں، بصورت دیگر خدشہ رہتا ہے کہ بارش کے وقت اس جگہ سے پانی آپ کے کمرے میں ٹپک سکتا ہے۔

دیواریں واٹر پروف بنائیں

بیرونی دیواروں کی تعمیر آپ کی توجہ مانگتی ہے۔ اگر پاکستان کے شہروں کی بات کریں تو یہاں پینے کے علاوہ عام استعمال کے لیے میٹھے پانی کی دستیابی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ ایسے میں کنکریٹ کے بلاکس بھی کھارے پانی سے بنائے جاتے ہیںاور گھر کی تعمیر میں استعمال کیے جانے پر یہ چند سال بعد ہی گَلنے لگتے ہیں۔ اس لیے اس بات کو یقینی بنائیں کہ گھر کی تعمیر میں میٹھے پانی کا استعمال کریں۔ تعمیر مکمل ہونے کے بعد جب رنگ روغن کا وقت آئے تو بیرونی دیواروں کے لیے واٹر پروف کوٹنگ کا انتخاب کریں۔ اس طرح دیواریں زیادہ طویل عرصہ تک نمی سے محفوظ رہیںگی۔ ایک اور بات یہ کہ رنگ روغن کرنے سے پہلے دیواروںکے اچھی طرح خشک ہونے کا انتظار کریں، ورنہ پینٹ جلد ہی اُکھڑ جائے گا۔

الیکٹریکل وائرنگ

بجلی کی وائرنگ ایک سنجیدہ اور حساس معاملہ ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ وائرنگ ایسی ہو جو لائف ٹائم آپ کا ساتھ نبھائے۔ آج کل Concealedوائرنگ کا رجحان ہے۔ اگر آپ پرانے گھر میں رہتے ہیں تو مون سون کی بارشوں سے پہلے اس بات کو یقینی بنالیں کہ ساری وائرنگ مکمل طور پر سِیل ہو اور کہیں سے کوئی تار یا سوئچ بورڈ کھُلا ہوا نہ ہو، کیونکہ کُھلی ہوئی وائرنگ سے شارٹ سرکٹ کا خطرہ رہتا ہے۔

سَن شیڈ کی اہمیت

بیرونی دیوار میں جہاں جہاں آپ روشنی یا ہوا کی ڈَکٹ اور کھڑکی بنانا چاہتے ہیں، وہاں سَن شیڈ بھی ضرور لگوائیں۔ اس طرح، کھڑکی اور ڈکٹ کے ذریعے بارش کا پانی گھر کے اندر داخل نہیں ہوسکے گا۔

تازہ ترین