• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ضمنی انتخابات: 35 حلقوں میں ووٹنگ کا دن آگیا

ملک کے 35 حلقوں میں ضمنی انتخابات کا دن آگیا،آج قومی اسمبلی کے 11 اور صوبائی اسمبلی کی 24 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی ۔

الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کےلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں ،پاک فوج کی زیر نگرانی پولنگ کے سامان کی ترسیل مکمل ہوچکی ہے۔

قومی اور صوبائی اسمبلی کے 35 حلقوں پر 370امیدوار میدان میں ہیں ،قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کی 11،11، سندھ و بلوچستان کی 2،2 جبکہ خیبرپختونخوا کی 9 نشستوں پر انتخابی معرکہ آرائی ہوگی ۔

قومی اسمبلی کے جن 11 حلقوں میں الیکشن ہورہے ہیں ان میں این اے 35 بنوں ،این اے 53اسلام آباد،این اے 56اٹک،این اے 60 راولپنڈی ،این اے 63راولپنڈی ،این اے 65 چکوال ،این اے 69 گجرات ،این اے 103 فیصل آباد،این اے 124لاہور ،این اے 131 لاہور اور این اے 243 کراچی کے عوام اپنا حق راہے دہی استعمال کرسکیں گے ۔

قومی اسمبلی کے بعض حلقوں پر کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جارہی ہے،جیسے این اے 131لاہور میں ن لیگ کے خواجہ سعد رفیق اور تحریک انصاف کے ہمایوں اختر، این اے 124 پرسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور پی ٹی آئی کے غلام محی الدین اور این اے 243 پر ایم کیو ایم کے عامر ولی الدین چشتی اور پی ٹی آئی کے عالمگیر خان کے درمیان کلوز مقابلے کے امکانات ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے جن 11 حلقوں میں الیکشن ہورہے ہیں ،ان میں پی پی 3 اٹک،پی پی 27 جہلم،پی پی 87 میانوالی،پی پی 103 فیصل آباد،پی پی 118 ٹوبہ ٹیک سنگھ،پی پی 164 لاہور،پی پی 165 لاہور،پی پی 201 ساہیوال،پی پی 222 ملتان،پی پی 261 رحیم یار خان،پی پی 272 مظفر گڑھ،پی پی 292 ڈیرہ غازی خان شامل ہیں ۔

سندھ اسمبلی کے جن دو حلقوں پر آج دنگل سجے گا ،ان میں پی ایس 30 خیر پور، پی ایس 87 ملیر کراچی شامل ہیں،بلوچستان کے جن دو حلقوں میں الیکشن کا میدان لگ رہا ہے ان میں پی بی 35 مستونگ اور پی بی 40 خضدار کے شامل ہیں ۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے 9 حلقوں میں پی کے 3سوات ،پی کے 7 سوات ،پی کے 44 صوابی ،پی کے 53 مردان ، پی کے 61 نوشہرہ ، پی کے 64نوشہرہ ، پی کے 78 پشاور، پی کے 97 ڈی آئی خان ، پی کے 99 ڈی آئی خان شامل ہیں ،ووٹر اپنے من پسند امیدوار کو صوبائی اسمبلی میں بھیجنےکےلئے حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

مجموعی طور پر 35 حلقوں میں 92لاکھ 83 ہزار 74 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ،جن کے لئے 7 ہزار 489 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں، جن میں ایک ہزار 727 پولنگ اسٹیشن کوحساس قرار دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹرز اپنے ووٹ کے متعلق معلومات شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کرکے بھی حاصل کرسکتے ہیں جبکہ ووٹ ڈالنے کےلئے اصل قومی شناختی کارڈ لازمی طور پر لانا ہوگا۔

عام انتخابات کی طرح ضمنی الیکشن میں بھی زائدالمیعاد شناختی کارڈ پر ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ پولنگ اسٹیشن پر موبائل فون لے جانے پر پابندی لگادی گئی ہے جبکہ اس بار سمندر پار پاکستانی بھی حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

واضح رہے کہ پی پی 87 میانوالی اور پی پی 296 راجن پور پر امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین