• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اساتذہ کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کرنا شرمناک عمل تھا،محمود الرشید

کراچی (ٹی وی رپورٹ)تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ اساتذہ کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کرنا انتہائی شرمناک عمل تھا، اساتذہ سے کوئی غلطی یا زیادتی پر تحقیقات ضرور کی جائے لیکن ان کی تذلیل کو برداشت نہیں کیا جاسکتا، یہاں درجنوں قتل کرنے والے دہشتگرد بغیر ہتھکڑی کے پیش ہورہے ہیں، نیب اپنا کام کرے کسی کو کوئی اعتراض نہیں لیکن خوف و ہراس کی فضا پیدا کرنا درست نہیں ہے، اس صورتحال میں کوئی کام کرنے کو تیار نہیں ہوگا کہ اس کے ساتھ کچھ نہ ہوجائے، ان حالات میں حکومت کو بھی مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کرنے میں پرابلم پیدا ہوگی۔ وہ جیو کے پروگرام ’’نیا پاکستان طلعت حسین کے ساتھ‘‘ میں میزبان طلعت حسین سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں رکن سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف سینیٹر مصدق ملک ،صدر پلڈاٹ احمد بلال محبوب،اینکر پرسن مرتضیٰ سولنگی اور اینکرپرسن منیب فاروق بھی شریک تھے۔سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ستر سالہ وائس چانسلر کو ہتھکڑیاں لگا کر معاشرے میں خوف و ہراس پیدا کیا جارہا ہے، ان پر ابھی جرم ثابت نہیں ہوا تو گرفتار کرنے کی ضرورت کیا تھی، ہم پر صحیح انگلیاں اٹھائی جاتی ہیں کہ ہم نے نیب قوانین سے متعلق پانچ سال کچھ نہیں کیا۔احمد بلال محبوب نے کہا کہ عمران خان کی خالی کردہ نشستوں پر ضمنی انتخاب کے نتائج اہم ہوں گے، ضمنی انتخابات کے نتائج سے کوئی زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اور سعد رفیق کا قومی اسمبلی میں آنا ن لیگ کیلئے علامتی اعتبار سے اہم ہے، ن لیگ احتجاج کرنے کے موڈ میں نہیں بلکہ پی ٹی آئی کو موقع دینا چاہتی ہے۔منیب فاروق کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے رہائی کے بعد نہ کوئی بیان دیا نہ انتخا بی مہم چلائی ہے،شہباز شریف کا نیب کی تحویل میں ہونا ن لیگ کیلئے بڑی ڈس کوالیفکیشن ہے، پنجاب میں ن لیگ کا ووٹر اس صورتحال میں پارٹی کی طرف مائل نہیں ہوگا۔سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نےکہا کہ اساتذہ کو ہتھکڑیاں لگا کر پیش کرنے کا معاملہ سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف میں اٹھانا چاہئے، پاکستان کی سب سے بڑی یونیورسٹی کے ستر سالہ وائس چانسلر کو ہتھکڑیاں لگا کر کیا دکھانے کی کوشش کی گئی، اس طرح معاشرے میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ان پر کانٹریکٹ پر کچھ ملازمین بھرتی کرنے کا الزام ہے، غلطی اور جرم کے اندر تفریق ہوتی ہے، سرکاری افسران کو ہمیشہ نیک نیتی سے فیصلہ سازی میں استثنیٰ حاصل رہا ہے، اسی لئے سرکاری افسران جرأت کے ساتھ فیصلے کیا کرتے تھے مگر اب نہیں کرتے۔ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے داماد کو دبئی میں گرفتار کرلیا گیا مگر پرویز مشرف کو وہاں سے گرفتار کیوں نہیں کیا جارہا ہے۔احمد بلال محبوب نے کہا کہ ن لیگ کی تیاریاں پہلے بھی کوئی کام نہیں دکھا سکیں،عام انتخابات میں شفافیت پر سوالات اٹھے کیا ضمنی انتخابات کی ساکھ بہتر ہوتی نظر آئے گی، ایک اہم سوال یہ ہے کہ رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم سے متعلق پراسراریت ضمنی انتخابات میں کم ہوگی یا نہیں ہوگی۔ احمد بلال محبوب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ضمنی انتخابات میں تمام نشستیں جیتنے کی کوشش کرے گی، ایک دو سیٹوں پر اپ سیٹ ہوجاتا ہے تب بھی کوئی فر ق نہیں پڑے گا، پہلے نواز شریف اور اب شہباز شریف کی گرفتاری سے واضح ہے کہ ن لیگ کی کامیابی کا کوئی چانس نہیں ہے۔مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جیتنے کی توقع ہے، شاہد خاقان عباسی اپنے حلقے سے ہارنے کے بعد اب کوئی رسک لینے کے موڈ میں نہیں ہیں،سعد رفیق بہت کم مارجن سے عمران خان سے ہارے ن لیگ کو امید ہے اب وہ یہ نشست جیت جائے گی، بیرون ملک پاکستانیوں نے ووٹ رجسٹر کرانے میں کوئی خاص دلچسپی ظاہر نہیں کی جو حیران کن ہے۔منیب فاروق کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست میں اب بھی خاندانوں کا ہولڈ ہے، تبدیلی لانے والوں نے بھی اس تاثر کو بدلنے کی کوشش نہیں کی ہے، ن لیگ اس وقت حکومت میں نہیں اور احتساب کے زیرعتاب ہے، اس صورتحال میں ن لیگ کا ٹکٹ لینے والوں کو چومکھی لڑائی لڑنی پڑے گی۔

تازہ ترین