• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جی پیز تنہائی کے مریضوں کو ڈانس کلاسز پرسکرائب کریں گے

لندن (پی اے)انگلینڈ میں جی پیز کو مریضوں کو تنہائی سے نمٹنے کے لئے ڈانس کلاسز جیسی سماجی سرگرمیوں کیلئے پرائسکرائب کرنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ وزیراعظم تھریسامے کی اعلان کردہ حکمت عملی کے تحت پوسٹل ڈلیوری ورکرز اپنے رائونڈز کے دوران تنہا افراد کی چیکنگ کرسکیں گے حکومت نے کہا ہے کہ تقریباً 2لاکھ معمر افراد نے ایک ماہ سے دوست یا رشتے داروں سے بات نہیں کی ہے، بہت سارے جی پیز روزانہ ایک سے لے کر 5افراد تک کو تنہائی کے شکار ہونے کی وجہ سے دیکھتے ہیں۔ طویل المیعادی منصوبے کے حصے کے طور پر 2023تک انگلینڈ میں این ایچ ایس کے مریضوں کو کوکری کلاسز، واکنگ کلبز اور آرٹ گروپوں سے کنٹیکٹ کرنے کے لئے فنڈ فراہم کئے جائیں گے۔ نئے کمیونٹی کیفیز، آرٹ سپیسز یا گارڈنز جیسے کمیونٹی پروجیکٹس کے لئے اضافی 18ملین پونڈ کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سوشل پرسکرپشنز سے این ایچ ایس کی طلب میں کمی آئے گی اور مریضوں کا معیار زندگی بہتر ہوگا حکومت تنہائی سے نمٹنے کے لئے لیورپول، نیومیلڈن اور وٹبی میں پوسٹل ورکرز کو فرنٹ لائن رول دینے کی نئی سکیم کے لئے رائل میل سے شراکت کرے گی۔ سنسبری ٹرانسپورٹ فار لندن، دی کواوپ، برٹش ریڈ کراس، نیشنل گرڈ اور سول سروسز سمیت تجارتی اداروں کے نیٹ ورک نے اپنے ملازمین کی صحت اور بہبود کے لئے سپورٹ دینے کی غرض سے مزید اقدام کا عہد کیا ہے۔ پہلی لون لی نیس سٹریٹجی کا آغاز کرتے ہوئے مسز تھریسامے نے کہا کہ یہ حکمت عملی ہمارے ملک میں دوررس سماجی تبدیلی فراہم کرنے کے لئے صرف آغاز ہے تاہم یہ ہماری زندگیوں میں تنہائی کے خاتمے کے قومی مشن کے لئے پہلا اہم قدم ہے۔ انہوں نے مقتولہ لیبر ام پی جوکوکس کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اپنی موت سے قبل تنہائی کے خاتمے کے لئے مہم چلائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ جو کے نام پر قائم لون لی نیس کمیشن کی سپورٹ کے قابل ہیں اور انہوں نے کمیشن کی سفارشات پر پیش رفت کے لئے ہرممکن کوشش کرنے کا تہیہ کررکھا ہے۔ مسز کوکس کی بہن کم لیڈبیٹر نے جوکوکس فائونڈیشن کی جانب سے کہا کہ اس وقت اہم بات یہ ہے کہ مذاکرات اور حکمت عملی کو عملی اقدام کی شکل دی جائے۔
تازہ ترین