• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قبضے کے مقدمے میں مطلوب منشا بم سپریم کورٹ پیش، گرفتار

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پنجاب پولیس کو قبضے کے مقدمے میں مطلوب مفرور ملزم منشا بم گرفتاری دینے اچانک سپریم کورٹ پہنچ گیا۔ ملزم کا کہنا ہے کہ زمینیں اسے ورثے میں ملیں، بیٹے کے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے پر شہباز شریف نے اسے انتقام کا نشانہ بنایا۔مفرور ملزم کے ہمراہ انکے وکیل بھی تھے۔ ملزم نے کمرہ عدالت نمبر ایک میں پہنچ کر اپنے وکیلوں کے ہمراہ ججوں خاص طور پر چیف جسٹس میا ں ثاقب نثار کا انتظار کرنے کا بیان دیا۔ ملزم کے وکلا نے کہا کہ حفاظتی ضمانت کی درخواست جمع کرائی ہے، ملزم تفتیش میں شامل ہونا چاہتا ہے اور کسی غیر جانبدار افسر سے تفتیش کرانے کا خواہش مند ہے۔ بعد ازاں منشا بم کو تھا نہ سیکرٹریٹ پو لیس نے سپریم کورٹ کے احاطہ سے گرفتار کر لیا اور انکو تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا گیا۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے منشا بم نے کہا کہ میں نے کسی کی زمینوں پر قبضہ نہیں کیا ، میرے پاس ساری زمین میرے والد کی ہے ، میرے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، مجھے انصاف دیا جائے۔ منشا بم نے کہا کہ سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے میرے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرائے تھے۔ پولیس سے چھپ کر عدالت آیا ہوں۔ چاہتا ہوں کہ چیف جسٹس سے ملوں اور سب کچھ بتا کر گرفتاری دوں تاکہ انتقامی کارروائی نہ ہو سکے۔ واضح رہے منشا بم اور اسکے بیٹوں پر لاہور کے علاقے جوہر ٹائو ن میں زمینوں پر غیرقانونی قبضے کا الزام ہے اور اس حوالے سے سپریم کورٹ میں ایک عام شہری کی جانب سے درخواست بھی دائر کی گئی تھی جسکی سماعت کے دوران پولیس نے عدالت عظمی کو آگاہ کیا تھا کہ منشاءبم کیخلا ف 70 مقدمات درج ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان نے منشا بم کی گرفتاری کے احکامات جاری کئے تھے۔
تازہ ترین