• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’اوورسیز کو ووٹ کا حق ہم نےدیا، مبارکباد وزیراعظم وصول کررہے ہیں‘

چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ہم نے دیا جبکہ مبارکباد وزیراعظم عمران خان وصول کررہے ہیں،یہ تو حد ہوگئی۔

سپریم کورٹ میں نجی اسپتالوں میں مہنگے علاج کے کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دئیے اور کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کا حق ہم نے دیا۔

چودہ اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں پہلی بار سمندر پار پاکستانیوں نے حق رائے دہی استعمال کیا تھا۔

سپریم کورٹ نے رواں برس اگست میں فیصلہ دیا تھا کہ سمندر پار پاکستانی حق رائے دہی استعمال کرسکتے ہیں تاہم چیف جسٹس نے یہ فیصلہ تحریک انصاف کے چیئرمین اور موجودہ وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر ہی دیا تھا۔

دریں اثناء پرائیویٹ اسپتالوں میں مہنگے علاج کے کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پنجاب ہیلتھ کمیشن 10 تاریخ تک علاج کی فیسوں کے حوالے سے رپورٹ دے، وہی فارمولا تمام نجی اسپتالوں پر لاگو ہوگا۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ پرائیویٹ اسپتال کہہ رہے ہیں کہ علاج کی فیسیں کم کردی ہیں، مخصوص تعداد میں فری بیڈز بھی دئیے ہیں، اب سرجیمیڈ والے بتارہے ہیں کہ چارجز کم کردئیے ہیں پہلے 18000 بیڈ کے چارجز لیے جارہے تھے، باقی تمام چیزوں کے چارجز الگ تھے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ پنجاب ہیلتھ کمیشن 10 تاریخ تک علاج کی فیسوں کے حوالے سے رپورٹ دے، وہی فارمولا تمام نجی اسپتالوں پر لاگو ہوگا۔

بعد ازاں چیف جسٹس نے نجی اسپتالوں میں علاج کی قیمتوں کے تعین کے لیے تجاویز بھی طلب کرلیں۔

تازہ ترین