• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوم پوری، چھوٹے کرداروں سے بننے والے بڑے اداکار


بالی ووڈ کے نامور اداکار ’اوم پوری‘ جنہیں چھوٹے کرداروں نے بڑا اداکار بنا دیا، آج ان کی 68 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔

اوم پوری کا شمار ان اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے ہمیشہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے تعلقات قائم رکھنے کے لیے کوششیں کیں۔ ان کا نعرہ تھا کہ دونوں ملکوں کو جنگ کرنی ہے تو غربت کے خلاف کریں۔

بھارتی اداکار اوم پوری آج کے دن 18 اکتوبر 1950 کو پیدا ہوئے۔ ان کا بچپن انتہائی غربت میں گزارا، انہوں نے 6 سال کی عمر میںچائے کے کھوکھے پر کام کرنا شروع کردیا۔

ابتداء میں اوم پوری نے لوکل تھیٹر میں چھوٹے موٹے کردار کیے۔ سال 1976ء سے فلموں میں کام کرنا شروع کیا، پہلی مرتبہ فلم ’گھاسی رام کوتوال‘ میں مرکزی کردار ادا کیا۔

اوم پوری نے اپنے کریئر میں سنجیدہ فلموں کے ساتھ سا تھ کامیڈی فلموں میں بھی کمال کی اداکاری کی۔ انہوں نے نا صرف بالی ووڈ فلموں میں کام کیا بلکہ پاکستانی فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

برطانوی اور ہولی وڈ فلموں میں بھی کئی پاکستانی کردار کیے،اوم پوری نے فلم ’ایسٹ از ایسٹ اینڈ ویسٹ از ویسٹ‘ میں جارج خان کا کردار ادا کیا اور فلم ’چارلی ولسنز وار‘میں انہوں نے صدرجنرل ضیاء الحق کا کردار بخوبی نبھایا۔

اوم پوری گزشتہ سال 6 جنوری 2017 کو دل کا دورہ پڑجانے کے سبب اس دنیا سے چل بسے۔

تازہ ترین