• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ابوظہبی، عباس نے کینگروز کو اڑاکر رکھ دیا، پاکستان فتح یاب، ٹیسٹ اور سیریز نام کرلی

ابوظہبی ( جنگ نیوز) آسٹریلوی مڈل آرڈر بری طرح ناکام ہوگیا۔ محمد عباس کی بولنگ میں مہارت کا کوئی جواب نہیں تھا ، انہوں نے کینگروز کو اڑا کر رکھ دیا۔مہمان ٹیم 373رنز سے بدترین شکست کھاگئی۔یاسر شاہ نے بھی دوسرے اینڈ سے دبائو ڈالتے ہوئے تین وکٹوں پر ہاتھ صاف کیا۔ وکٹ میں فاسٹ بولرز کے لیے کچھ نہیں تھا۔ لیکن محمد عباس نے عمدہ لائن اور لینتھ کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے کسی بھی بیٹسمین کو وکٹ پر ٹھہرنے نہیں دیا۔ ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے 47 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر اننگز شروع کی تو پاکستان کو اپنی پہلی کامیابی کے لیے زیادہ دیر انتظار نہیں کرنا پڑا۔ محمد عباس نے ٹریوس ہیڈ کو 36 رنز پر پویلین راہ دکھائی تو اُس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 71 رنز تھا۔ ابھی اسکور میں صرف 6 رنز کا اضافہ ہی ہوا تھا کہ مچل مارش کو محمد عباس نے 5رنز پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔ انہوں نے اپنے ایک اوور میں پہلے فنچ کو 31 رنز ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر کپتان ٹم پین کو بغیر کھاتہ کھولے کلین بولڈ کردیا۔ بڑے ہدف کے تعاقب میں صرف 78رنز پر آسٹریلیا کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ مشکل صورتِ حال میں ٹیل اینڈرز لبوشان اور مچل اسٹارک نےکچھ دیر مزاحمت کی اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں 67 رنز جوڑ کر اسکور 145 تک پہنچادیا۔ مچل اسٹارک 28 رنز کی اننگز کھیل کر ہمت ہار گئے اور یاسرشاہ گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ پیٹر سِڈل بھی یاسرشاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ وہ صرف 3 رنز بنا سکے۔ جان ہالینڈ کو تین رنز پر سلپ میں کیچ آؤٹ کراکر سیریز کی آخری وکٹ بھی یاسر شاہ نے لی۔ عثمان خواجہ ان فٹ ہونے کے باعث کھیلنے نہیں آئے۔ یوں آسٹریلوی ٹیم 538رنز کے تعاقب میں صرف 164رنز ہی بناسکی اور پاکستان نے نہ صرف ٹیسٹ بلکہ سیریز بھی ایک۔ صفر سے جیت لی۔ محمد عباس نے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں پانچ، پانچ اور مجموعی طور پر 10 وکٹیں لیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی بولر نے متحدہ عرب امارات میں کسی بھی ٹیسٹ میں 10 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ شاندار بولنگ پرفارمنس پر محمد عباس کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ یاسر شاہ نے تین وکٹیں لیں۔ ایک وکٹ میر حمزہ کے حصے میں آئی۔ اسکور یہ رہا: پاکستان 282 اور 400 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر۔ آسٹریلیا 145 اور 164 رنز۔

تازہ ترین