• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کروڑوں خرچ ہونے کے باوجود دھمیال اشرف کالونی کے عوام پانی سے محروم

راولپنڈی (جنگ نیوز) دھمیال اشرف کالونی واٹر سپلائی سکیم پر کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود عوام پانی سے محروم ہیں جس کا چیئرمین نیب‘ وزیراعلیٰ عثمان بزدار‘ وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میاں محمود الرشید اور واسا حکام کو نوٹس لینا چاہئے۔ مکینوں کے مطابق اس سکیم کا سنگ بنیاد چوہدری نثار علی خان نے 28مئی 2016ء کو رکھا جس کیلئے ابتدائی طور پر 18کروڑ اور بعدازاں 3کروڑ جاری کئے گئے۔ تقریباً 55سو گھروں سے ساڑھے 5ہزار روپے فی کنکشن لئے گئے اور جن گلیوں میں پائپ نہیں ڈالے گئے ان سے اضافی ہزاروں روپے وصول کئے گئے۔ مبینہ طور پر ٹھیکیدار نے انتہائی ناقص پائپ ڈالے جو آئے روز لیک ہو جاتے ہیں۔ 25جولائی کو الیکشن کے بعد سے ہزاروں پر مشتمل آبادی تاحال پانی سے محروم ہے۔ ہزاروں پر مشتمل آبادی نے وزیراعظم عمران خان‘ مقامی رکن اسمبلی غلام سرور خان اور واثق قیوم عباسی سے اپیل کی ہے کہ مکمل آڈٹ کروایا کے کرپشن کے ذمہ داران کیخلاف کارروائی کی جائے اور پانی کی سپلائی بحال کروائی جائے۔ یاد رہے عوام علاقہ بارہا پانی کی سپلائی کیلئے احتجاجی مظاہرے کر چکے ہیں مگر متعلقہ حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔
تازہ ترین