• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’پریذنٹیشن‘‘ کو دوران تعلیم ہی نہیں بلکہ پیشہ ورانہ زندگی کے ہر شعبہ میں خاص اہمیت حاصل ہے۔ آپ نے چاہے کتنی بار ہی کیوں نہ خودکو اور اپنے کام کو پریزنٹ کیا ہو لیکن یہ آپ بھی تسلیم کریں گے کہ یہ خاصا مشکل ہے۔ ہر شخص اپنا مؤقف کسی دوسرے شخص تک پہنچانے یا اپنی رائے کو صحیح اور درست انداز سے سمجھانے کا قدرتی فن لیے پیدا نہیں ہوتا ۔متاثر کن پریذنٹیشن دینے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ سادہ انداز اپنایا جائے، مطلب یہ کہ انداز گفتگو ایسا اپنایا جائے جو آپ کا ذاتی ہو نہ کہ بناوٹی۔ اس کے بعد دوسرا مرحلہ پریزنٹیشن اصولوں کا آتا ہے، جنہیں اپنا کر آپ متاثر کن پریذنٹیشن دینے میں کامیاب ہوپائیں گے، وہ اصول کیا ہیں آئیے جانتے ہیں۔

بولنےکی مشق کریں

پریذنٹیشن کی مثال گاڑی جیسی ہے، صرف دیکھنے سے جس طرح گاڑی کوچلایا نہیں جاسکتا اسی طرح صرف پڑھنے سے متاثر کن پریذنٹیشن دینے میں کا میابی حاصل نہیں کی جاسکتی۔ اس لیے پڑھنے کے علاوہ بولنے کی مشق بھی کیجئے، کیونکہ یہ متاثر کن اور کامیاب پریذنٹیشن کی کنجی ہے۔ جتنی زیادہ مشق کی جائے گی اتنا زیادہ اعتماد اور حوصلہ بڑھے گا اورجھجک ختم ہوگی۔ پریکٹس کے دوران دوستوںیا کولیگز کی مدد لیں، ان کو سامنے بٹھا کر پریذنٹیشن دیں یا پھر ویڈیو کی صورت میں ریکارڈ کرکے اسے دیکھیں۔ جتنی اچھی پریکٹس ہو گی، آپ اتنی ہی کامیاب پریذنٹیشن دے پائیں گے۔

سامعین پر توجہ مرکوز رکھیں

جس ماحول میں اور جن لوگوں کے سامنے پریذنٹیشن دی جائے ان کی نفسیات، مزاج اور رجحانات کا خیال رکھیں لیکن یہ خیال ہرگز ذہن سے نکال دیں کہ آ پ نے سامعین کا دل جیتنا ہے۔ آپ کی توجہ کا مرکز آپ کا کام ہے، جسے آپ پیش کررہے ہیں۔ ایک کامیاب پریذنٹیشن وہی ہوگی جواپنے موضوع سے متعلق معلومات سے مالامال ہو۔ آپ کو چاہیے کہ وہ تمام ضروری اور اہم معلومات مختصر اور جامع انداز میں سامعین کے سامنے پیش کریں۔

خوش مزاجی

ہم جانتے ہیں کہ آپ کچھ جھجکے اور پریشان سے ہوں گے لیکن مسکراہٹ آپ کی پریشانی اور جھجک کو دور کرنے میں مدددے گی۔ سرد لہجے میں کی گئی بات اتنا اثر نہیںرکھتی جتنا نرم رویہ اپنا اثر دِکھاتا ہے۔ اس لیے کوشش کریں کہ دوران پریذنٹیشن ہلکی سی مسکراہٹ چہرے پر ہروقت موجود رہے۔

معلومات کیسے پیش کریں ؟

پریذنٹیشن کے دوران معلومات فراہم کرنے کا انداز بھی خاصی اہمیت کا حامل ہے۔ معلومات ترتیب وار پیش کریںمثلاً اگر آپ کسی پروجیکٹ سے متعلق معلومات فراہم کرنے جارہے ہیں تو معلومات کو چارمرحلوں میں تقسیم کرلیں۔

٭سب سے پہلے مختصر تعارف پیش کریں۔

٭پھر اپنے پراڈکٹس یا اپنے کام کی فہرست کو سامنے لائیں۔ اگر سامعین اس فہرست کو سمجھنے سے قاصر رہے ہیں تو دوسری بار بھی فہرست پیش کرنے میں کوئی ہرج نہیں۔

٭تیسرا مرحلہ خوبیاں پیش کرنا ہے، اپنے پروجیکٹ کی خصوصیات اور خوبیاں بیان کریں۔

٭آخر ی مرحلے میں پوری پریذنٹیشن کا خلاصہ پیش کریں۔ اپنی پریزنٹیشن کو ایسے نکات پر ختم کریں جو سامعین کے ذہنو ں میںمحفوظ رہ جائیں۔ یہ مرحلہ نہایت ضروری اور مفید ہوتا ہےلیکن اگر آپ کی پریذنٹیشن کا وقت ختم ہوگیا ہو تو خلاصہ پیش نہیں کرنا چاہیے۔

مثبت میڈیا کا استعمال کریں

پریذنٹیشن کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کریں کہ میڈیا کا استعمال کیا جانا چاہیے یا نہیں۔ کسی بھی میڈیا کے استعمال سے قبل اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ اپنی پریزنٹیشن کو بہتربنانے کیلئے آڈیو یا وژول ٹول استعمال کررہے ہیں، نہ کہ اسے خراب کرنے کیلئے۔ سب سے اہم چیز ہے آپ کی اپنی پریزنٹیشن ، معلومات اور گفتگو، باقی سب چیزیں اس کا حصہ جیسا کہ پاور پوائنٹ، ویڈیوز وغیرہ۔ اس بات کا دھیان رکھیں کہ ہمیشہ آڈیو یا ویڈیوکے استعمال کی ضرورت نہیں ہوتی، خاص طور پر اگر آپ پہلے سے ہی دلچسپ موضوعات پر بات کررہے ہیں اور اس میں ’فیکٹس اینڈ فیگرز‘ نہیں ہیں۔

جلدی پہنچیں

پریذنٹیشن دینے کے مقام پر وقت سے قبل پہنچ جائیں۔ اضافی وقت آپ کوبہترتیاری کرنے، ماحول سے آشنا ہونے اور اعصاب پر قابو پانے میں مدد دے گا۔ جیسا کہ آپ نے مختلف مقررین کو دیکھا ہوگا کہ اسٹیج پر ان کی موجودگی بہت شاندار ہو تی ہے، ایسے لوگ اسٹیج کے مالک معلوم ہوتے ہیں۔ جلدی پہنچ کر آپ بھی پہلے اسٹیج کا جائزہ لیں اور اندازہ لگالیں کہ اسٹیج پر کتنی حرکات وسکنات مناسب رہے گی اور کتنی نہیں۔

تازہ ترین