بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ایک سرکاری اسکول سے انگریزی کے استاد کی دلچسپ ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ٹیچر کو ’Eleven‘ یعنی گیارہ کی اسپیلنگ لکھنے میں مشکل کا سامنا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انگریزی کے استاد سے بلیک بورڈ پر ’Eleven‘ لکھنے کو کہا گیا ہے لیکن وہ اسپیلنگ ’Eleven‘ کے بجائے ’Aivene‘ لکھ رہے ہیں جبکہ انہوں نے ’Nineteen‘ (انیس) کی جگہ ’Ninithin‘ لکھا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جب چھاپہ ٹیم کی جانب سے ٹیچر سے اس غلطی کی نشاندہی کی گئی تو ٹیچر کا کہنا تھا کہ ’ہم بچوں کو یہی پڑھاتے ہیں۔‘
بھارتی سرکاری اسکول کے ٹیچر کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس کے کمنٹ باکس میں صارفین اپنی اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ویڈیو وائرل ہونے پر مقامی حکام نے بھی اس ماملے کا نوٹس لیا تاہم اس ویڈیو پر تاحال کوئی سرکاری مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔
بھارتی نیٹیزنز اس ویڈیو پر بھارت کے تعلیمی نظام اور سرکاری اسکولوں میں ہونے والی اساتذہ کی بھرتیوں پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔
ویڈیو پر ردِعمل دیتے ہوئے زیادہ تر بھارتیوں کا کہنا ہے کہ اسی قسم کی سفارشی بھرتیوں نے بھارت کے تعلیمی نظام کو برباد کر دیا ہے۔