برطانیہ میں ڈاگ سرفنگ چیمپئن شپ میں شریک کتوں نے ایک دن میں بیک وقت 3 عالمی ریکارڈز قائم کردیے۔
برطانیہ کے علاقے ڈورسٹ کے ساحل برینکسم دین شائن پر منعقد ہونے والی سالانہ یو کے ڈاگ سرفنگ چیمپئن شپ میں اس بار ایک نئے اور عالمی ریکارڈز سامنے آئے ہیں۔
یہ ایونٹ 2018ء سے منعقد ہو رہا ہے اور اس میں انسان اور ان کے پالتو کتے ایک ساتھ پیڈل بورڈنگ کرتے ہوئے ساحل پر دوڑ میں حصہ لیتے ہیں۔
پہلا مقابلہ ایک 50 میٹر پیڈل بورڈنگ دوڑ تھی، جس میں 10 انسان اور کتوں کے جوڑوں نے حصہ لیا، اس دوڑ نے پہلا ریکارڈ سب سے زیادہ جوڑوں کی بیک وقت پیڈل بورڈنگ کا قائم کیا۔
دوسرا ریکارڈ 50 میٹر تک سب سے تیز ترین سرفنگ کا تھا، میتھیو جینکنز اور ان کے کتے نے 32 سیکنڈز میں 50 میٹر مکمل کر کے یہ ریکارڈ قائم کرتے ہوئے بین گرے اور ان کے کتے کولی کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا، لیکن دونوں جوڑوں کو مشترکہ فاتح قرار دیا گیا۔
آخری اور سب سے چیلنجنگ ریکارڈ وہ تھا جس میں ایک ہی پیڈل بورڈ پر زیادہ سے زیادہ کتوں کو سوار کرنا تھا۔
ابتدائی کوشش میں صرف 9 کتے بورڈ پر سوار تھے، لیکن پھر 3 مزید رضاکار اپنے کتوں کے ساتھ شامل ہوگئے، جس سے کُل تعداد 12 ہوگئی اور ایک ہی بورڈ پر سب سے زیادہ کتوں کی سواری کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔