• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


کراچی کے ریڈزون میں بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانے پر ٹریفک پولیس نے سعودی قونصل خانے کی گاڑی کا 500 روپے چالان کردیا۔

ٹریفک پولیس ذرائع کے مطابق گاڑی نمبر سی سی 5202 میں موجود سعودی سفارتکار نے پولیس افسر سے مختلف بااثر افراد سے فون کروائے مگر تمام کوششوں کے باوجود سعودی سفارت کار کے ڈرائیور کو 500 روپے کا جرمانہ ادا کرنا پڑا۔

ٹریفک پولیس ذرائع کے مطابق میٹروپول ٹریفک سیکشن کے افسر محمد نواز سیال نے بغیر نمبر پلیٹ ایک قیمتی گاڑی کو چیکنگ کے لئے روکا۔گاڑی کے آگے اور پیچھے نمبر پلیٹس موجود نہیں تھیں اور گاڑی کے ڈرائیور نے سیٹ بیلٹ بھی نہیں پہنی ہوئی تھی۔

پولیس کے مطابق استفسار پر ڈرائیور غلام مرتضیٰ نے گاڑی کے اندر موجود نمبر پلیٹس پیش کیں اور نمبر پلیٹ نہ لگانے کا جواز سیکورٹی رسک قرار دیا۔

ٹریفک پولیس افسر نواز سیال نے تمام واقعات کی ویڈیو بھی بنائی ہے۔ اس دوران گاڑی میں موجود سعودی سفارتکار نے کئی بااثر افراد سے فون بھی کرائے مگر پولیس افسر سب انسپکٹر نواز سیال نے قانون کی بالادستی کو ترجیح دی اور ڈرائیور غلام مرتضی 500 روپے کا چالان کیا۔ جرمانے کی ادائیگی کے بعد سعودی سفارتخانے کی گاڑی روانہ ہوگئی۔

تازہ ترین