• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش: جیمز ڈکلن اور لیو اے یو ، سیمی فائنل میں پہنچ گئے

عالمی نمبر 16 انگلینڈ کے جیمزڈیکلن اور عالمی نمبر 22 ہانگ کانگ کے لیو اے یونے او جی ڈی سی ایل بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش کے سیمی فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔دونوں کھلاڑیوں نے لیگ رائونڈ کے تین میںسے دو دو میچز جیت کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔

عالمی نمبر 39 ملائشیا کے نافزوان عدنان اور پاکستان کھلاڑی فرحان محبوب، احسان ایازاور شاہ جہاں خان دو دو میچز میں سے ایک ایک جیتنے میں کامیا ب ہوئے ۔ سیمی فائنل میں پہنچنے والے باقی دو کھلاڑیوں کا فیصلہ لیگ کے تیسرےدن کے میچز پر ہوگا۔

پیر کو لیگ رائونڈ کا تیسرا اور آخری دن ہے ، منگل کو سیمی فائنل اور بدھ کو فائنل کھیلا جائےگا۔ اتوار کو لیگ کے دوسرے دن کے کھیلوں کا آغاز چیئرمین لیگ پرنس آغا عمر احمد زئی نے اسکواش کورٹ میں شاٹ کھیل کر کیا۔ دوسرے روز چیمپئن شپ کا آغاز انتہائی سنسنی خیز تھا ۔

پہلے میچ میں عالمی نمبر `16 انگلینڈ کے ڈیکلن جیمز اور عالمی نمبر 80 پاکستان کے فرحان محبوب (پاکستان نمبر 1) کے درمیان سخت مقابلہ ہوا ۔ جیمز نے پہلا سیٹ جیتا جواب میں فرحان نے دوسرا سیٹ جیت کر مقابلہ برابر کیا۔ تیسرے سیٹ میں فرحان نے سخت مقابلہ کیا لیکن پوائنٹ پر جیمز نے نہ صرف یہ سیٹ بلکہ اگلا سیٹ بھی جیت لیا ،اور سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔

دوسرا مقابلہ ہانگ کانگ کے لیواے یو اور ملائشیا کے نافزوا ن عدنان کے درمیان انتہائی دلچسپ رہا۔ ہانگ کانگ کے لیو اے یو نےیہ مقابلہ 11/8، 11/8، 11/7 سے جیتا۔تیسرے میچ میں میکسیکو کے سیزر سالازاراورعالمی نمبر 95 پاکستان کے احسان ایاز کے درمیان تھا جس میں دو سیٹوں میں شکست کے بعد سیزر سالازار ایک بار پھر انجری کے باعث میچ سے باہر ہوئے اس سے قبل وہ گزشتہ روز فرحان محبوب کے خلاف میچ میں بھی انجری کے باعث میچ سے باہر ہوگئے تھے۔

اس طرح سیزر پہلے غیرملکی کھلاڑی ہیں جو چیمپئن شپ سے باہر ہوئے ہیں۔چوتھے اور آخری میچ میں پاکستان کے شاہ جہان خان نے ہم وطن عبدالمالک کو 11/8، 11/8، 11/9 سے ہرایا۔

تازہ ترین