• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریفریجریٹر نصب ٹرک میں چھپ کر برطانیہ آنے والے 21افراد گرفتار

جنوب مشرقی انگلستان کی سسکیس کائونٹی میں واقع نیوہیون پورٹ کے قریب سے حکام نے ریفریجریٹر نصب ایک ٹرک سےپندرہ بچے اور چھ بالغ افراد کو حراست میں لیا ہے، برطانوی میڈیا کے مطابق پکڑے جانے والے افراد کا تعلق غالباً ویت نام سے ہے اور یہ پینے کا پانی سپلائی کرنے والے اس ٹرک میں چھپے ہوئے تھےجوکہ بندرگاہ پر آرہا تھا۔

مقامی برطانوی حکام اس حوالے سے تحقیقات کررہے ہیں اورٹرک کے رومانیہ سے تعلق رکھنے والے ڈرائیورکوبھی حراست میں لیا گیا ہے۔اس پر لوگوں کو برطانیہ میں غیرقانونی طور داخل ہونے میں معاونت فراہم کرنے کا الزام ہے اور پوچھ گچھ جاری ہے۔

برطانوی میڈیا نے مزید بتایا کہ ان بچوں کو طبی امداد کی ضرورت نہیں تھی اور انھیں محکمہ سوشل سروسز کے حوالے کردیا گیا ہے۔جبکہ چھ بالغوں میں سے ایک اٹھارہ سالہ لڑکے اور ایک ستائیس سالہ خاتون کو ملک بدر کر دیا گیا۔ان کے علاوہ دیگر چار بالغوں کو امیگریشن حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ جس ٹرک میں یہ گروپ برطانیہ پہنچا تھا وہ فرانسیسی بندرگاہ ڈیپی سے آیا تھا۔اور نیوہیون کی بندرگاہ رودبار انگلستان (برطانیہ اور فرانس کے درمیان سمندری راستہ) میں پرائیوئٹ مسافروں اور تجارتی گاڑیوں کی دو طرفہ آمدورفت اور خدمات کا اہم ذریعہ ہے۔

تازہ ترین