• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ: ماں بیٹی پر تیزاب پھینکنے کے واقعہ کا ڈراپ سین

حسد اور انتقام کی آگ نے خون سفید کردیا، کوئٹہ کے علاقے بروری روڈ پر ماں بیٹی پر تیزاب پھینکنے کے واقعہ کا ڈراپ سین ہوگیا، ملزمہ چھوٹی بہن ہی نکلی، لڑکی کے دوست سمیت تین ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا۔

ارم کے گھر والےملزم اعجاز سے بڑی بہن کرن کی شادی کرانا چاہتے تھے، ملزمہ ارم اور اعجاز ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے، ملزمہ نے اعجاز کو بہن سے شادی نہ کرنے پر مجبور کیا اور اس کا چہرہ خراب کرنے کے لیے اس پر تیزاب پھنکوایا۔

ملزمان کا کہنا ہے کہ اُن کا ارادہ صرف بڑی بہن کو ڈرانا تھا، ٹیوشن سے واپسی پر ماں اور بڑی بہن پر تیزاب پھینکا، جس سے وہ جھلس کر زخمی ہوئیں۔

خاتون اور اس کی بیٹی پر تیزاب پھینکے جانےکا واقعہ کوئٹہ کے علاقے بروری روڈ پر 26اکتوبر کو  پیش آیا تھا، واقعہ میں جھلسنے والی ماں، بیٹی کو بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال پہنچایا گیا جبکہ ملزمان فرار ہوگئے تھے۔

پولیس نے واقعہ کی تحقیقات جاری رکھیں اور گذشتہ روز تحقیقات کے دوران موبائل فون ڈیٹا کی مدد سے اعجاز نامی شخص کو گرفتار کیا گیا تو حقیقت سامنے آئی کہ متاثرہ لڑکی کرن کی چھوٹی بہن اعجاز کو پسند کرتی تھی اور اسی نے ملزم ا عجاز کو خود کو جان سے مارنے کی دھمکی دیکر اس کام پر اکسایا جس نے اپنے ایک دوست عبداللہ کی مدد سے کرن اور اس کی ماں پر تیزاب پھینک دیا۔

پولیس نے تیزاب پھینکنے والے نوجوان عبداللہ کو نو شکی اور بعد میں اس کی نشاندہی پر متاثرہ لڑکی کی چھوٹی بہن اور اسکے مبینہ دو ست اعجا ز کو کوئٹہ کےنواحی علاقے سے گرفتار کر لیا۔

تینوں ملزمان سے مزید تحقیقات جاری ہیں، تاہم واقعہ میں ایک چیز واضح ہے کہ حسد اور انتقام کےمنفی رجحانات نے خونی رشتوں کے تقد س کو گہنا دیا ہے۔

تازہ ترین