• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منہاج القرآن بادالونامیں استقبال میلاد النبی ﷺکے سلسلے میں نعتیہ محفل

بارسلونا(جواد چیمہ)ماہ ربیع الاول پوری کائنات کے لئے رشد و ہدایت کی صبح لے کر آیا، آج پوری انسانیت میں روشنی پیارے نبی کریم آقا دو جہاںؐ کی آمد کی وجہ سے ہے۔ماہ ربیع الاول کی آمد کے ساتھ ہی عاشقان رسول ﷺ میلاد کی محافل سجانا شروع کر دیتے ہیں اور اپنے نبی کریم سے عشق ومحبت کے ترانے گانے لگتے ہیں، استقبال میلادالنبیﷺ کی پاکیزہ اور بابرکت محافل اور مجالس کا انعقاد کیا جانے لگتا ہے۔ بارسلونا میں ٹیکسی سیکٹر کے پاک گوندل گروپ نے منہاج القرآن اسلامک سنٹر بادالونا میں ایک نعتیہ محفل کا اہتمام کیا اور سیکٹر کے نعت خوان حضرات نے اپنی عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔استقبال میلاد النبیﷺ کی محفل کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔نظامت کے فرائض معروف صوفی گائیک قدیر اے خان نے سرانجام دئیے۔ نعتیہ محفل میں لالہ یونس، فیصل کموکا، پرویز اختر،سید جاوید شاہ،ارشد نذیر ساحل ،راشد گجر،محمد احسان،ظہیر احمد اور دیگر نے نبی کریم ﷺ کے حضور محبت کے پھول نچھاور کئے۔ اس دوران ہال میں موجود عاشقان رسول ﷺ نبی کریم ﷺ سے اپنی محبت کا اظہار نعروں سے کرتے رہے۔ جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے مختلف افراد کا کہنا تھا کہ نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے دنیا میں امن قائم ہوسکتا ہے،اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد ﷺ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا، نبی کریم ﷺ سے محبت مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے۔
تازہ ترین