• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہانگیر ترین اور ارباب رحیم کیخلاف اینٹی کرپشن کی تحقیقات

کراچی میں اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین اور سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق کورنگی میں ڈھائی ارب روپے کی 250 ایکڑ زمین غیرقانونی طور پر الاٹ کی گئی۔

جہانگیرترین پرمشرف دورمیں انڈسٹریل پارک کے منصوبے میں کرپشن کا الزام ہے،کورنگی میں زمین غیرقانونی الاٹمنٹ سے جہانگیر ترین اور ارباب غلام نے ذاتی فائدے حاصل کیے۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق معاملہ نیب کو بھیجنے، تحقیقات میں ملوث افراد کیخلاف قانونی کارروائی اور زمین کی الاٹمنٹ کینسل کرنے کی سفارش کی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ 2004 میں این آئی پی کمپنی کو زمین الاٹ کی گئی، جس کے سی ای او جہانگیر ترین کے قریبی دوست تھے، زمین کی الاٹمنٹ سے جہانگیر ترین اور ارباب غلام نے ذاتی فائدے حاصل کیے۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق کہا گیا تھا کہ زمین پر انڈسٹریل پارک بنایا جائے گا، جس کا افتتاح ملائیشیا کے وزیراعظم کریں گے، نجی کمپنی کو زمین سندھ کابینہ کی منظوری کے بغیر دی گئی جبکہ ریٹ کمیٹی سے بھی زمین کی مالیت کا تخمینہ اور اجازت نہیں لی گئی اور قیمتی زمین 50 ہزار روپے فی ایکڑکے حساب سے الاٹ کردی گئی۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق 14 سال سے زمین پرکوئی کام بھی نہیں ہوا، 2004 سے سندھ حکومت کو زمین سے کوئی ریونیو نہیں ملا،جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔

تازہ ترین