• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علیمہ خان کی طرح شریف خاندان کو بھی شک کا فائدہ دیا جانا چاہئے،مفتاح

کراچی (ٹی وی رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا کہ مجاہد کامران نیب کی حراست سے آئے ہیں جو کچھ وہ کہہ رہے ہیں وہ ردعمل میں بھی ہوسکتا ہے، علیمہ خان پر اگر وہی قانون لاگو ہوتا ہے جو نواز شریف کے بچوں پر لگا ہے تو کوئی اعتراض نہیں ہے، نیا پاکستان بنانا ہماری منزل ہے حالات کے مطابق اس کے راستے بدلتے رہتے ہیں، عمران خان یوٹرن کی اپنی تھیوری پر یوٹرن نہیں لیں گے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان طلعت حسین کے ساتھ“ میں میزبان طلعت حسین سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما مفتاح اسماعیل ، ڈائریکٹر نیوز جیو نیوز رانا جواد،نمائندہ خصوصی جیو نیوز زاہد گشکوری اور سینئر صحافی مبشر زیدی بھی شریک تھے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ علیمہ خان کی طرح شریف خاندان کو بھی شک کا فائدہ دیا جانا چاہئے ،سیاسی جماعتوں کو اتفاق رائے سے نیب قوانین میں ترامیم کرنی چاہئیں، علیمہ خان سمیت کسی بھی شخص کی بیرون ملک جائیداد نکل آئے تو فوراً الزام نہیں لگانا چاہئے، علیمہ خان نے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ نہ اٹھا کر غلطی کی۔زاہد گشکوری نے کہا کہ نیب کو کوئی ایسا ثبوت نہیں ملا جس کی بنیاد پر شہباز شریف کیخلاف ریفرنس دائر کیا جاسکے،پی ٹی آئی کے 20ارکان اسمبلی اور وزراء بہت سنجیدہ تحقیقات کا سامنا کررہے ہیں۔رانا جواد نے کہا کہ پاکستان کو تباہ سیاستدانوں نے نہیں بزنس مینوں نے کیا ہے ،سیاسی فلاسفی میں یوٹرن خطرناک بات ہے اور عمران خان نے یوٹرن سیاسی فلاسفی پر لیے ہیں۔مبشر زیدی نے کہا کہ علیمہ خان کی طرح شریف خاندان اور زرداری خاندان سمیت دیگر زیرعتاب بڑے خاندانوں کو بھی اگر پچاس فیصد جائیداد کا آپشن دیا جائے تو یہ بہت اچھی شروعات ہوں گی۔ صداقت علی عباسی نےکہا کہ شہباز شریف جیسے شہنشاہ ہی ادارے نہ بننے کے ذمہ دار ہیں، آج نیب حراست میں انہیں جو تکلیف ہورہی ہے اس میں ان کا بھی اہم کردار ہے، ماضی میں کئی سیاستدان اور افسران نیب میں انہی حالات سے گزرے لیکن کسی نے اس پر آواز نہیں اٹھائی، جن لوگوں نے ادارے بنائے وہ ان اداروں کے پاس گئے تو چیخ چلارہے ہیں، احتسابی عمل میں حالیہ تیزی کے بعد نیب تبدیل ہوا ہے، پچھلے نیب کے بارے میں تو کہا گیا کہ چھ فٹ گڑھے میں چلا گیا، پانچھ ماہ بعد نیب ٹھیک نہیں ہوتا تو ہم ذمہ دار ہوں گے۔
تازہ ترین