کراچی (جنگ نیوز )پاکستان کے سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ’’جیو ٹی وی‘‘ پر نئے ڈرامہ سیریل ’’اے دِل تو بتا‘‘ کا آغاز پیر سے ہوگا۔
یکے بعد دیگر بہترین ڈراموں سے ناظرین کو اپنے سحر میں گرفتار رکھنے والی ’’سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ‘‘ کی یہ نئی پیشکش ہے جو 19 ؍نومبر سے پیر تا جمعہ شام ساڑھے 7 بجے نشرکی جائے گی۔
ڈرامے کی کہانی ہما حنا نفیس نے تحریر کی ہے جبکہ ہدایات علی اکبر نے دی ہیں۔ اس ڈرامے کو ناظرین کیلئے پروڈیوسرز کی معروف جوڑی عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی نے پیش کیا ہے۔
ڈرامے کی کہانی ، محبت، جذبات اور غلط فہمیوںجیسے عناصرپر مشتمل ہے جس کا سامنا زندگی میں ایک کے بعد دوسرے موڑ کی صورت میں کرنا پڑتا ہے۔
’’اے دِل تو بتا‘‘ کے مرکزی کرداروں میں فاطمہ آفندی، بلال قریشی، عروبہ مرزا ، علی انصاری ، صبیحہ ہاشمی، حمیرہ بانو، بینا چوہدری، تنویر جمال، شازیہ قیصر ، ٹیپو شریف اور ماریہ خان شامل ہیں۔