• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تبدیلی کے نعرے میں عوام مہنگائی کی چکی میں پس گئے‘عثمان بادینی

کوئٹہ(پ ر)جمعیت کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی انجینئر عثمان بادینی نے کہا ہےکہ معاشی استحکام کے حوالے سے کوئی اچھی خبر نہیں آرہی ، مہنگائی کے نہ رکنے والے طوفان کا بوجھ براہ راست غریب پر پڑرہاہے، تبدیلی عوام کے لئے تبدیلی ثابت نہیں ہوئی۔ حکومت این ٹی ایس پاس امیدواروں کے مطالبات فوری حل کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این ٹی ایس پاس امیدواروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ، جن کے پاس آمدنی کا کوئی ذریعہ نہیں تو دوسری جانب کئی ماہ سے اپنے حقوق کیلئے ہڑتال پر مجبور این ٹی ایس پاس امیدواروں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ جن کے گھر کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہوئے ہیں لیکن حکمران ان کے مطالبات کے حل کیلئے کوئی اقدامات نہیں کررہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ این ٹی ایس پاس امیدواروں کےجائز مسائل فوری حل کئے جائیں۔ درایں اثناء انہوں نے تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب کی وفات پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم دین کے داعی اور امت کے خیرخواہ تھےان کی وفات سے امت مسلمہ ایک عظیم رہنما سے محروم ہوگئی۔
تازہ ترین