• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نبی اکرمﷺ نے عدل و انصاف کی شمع روشن کی، مفتی عبدالمجید ندیم

برمنگھم (پ ر) نبی اکرم ﷺ نے ظلم و جبر کے اندھیروں کو ختم کرکے عدل اور انصاف کی شمع روشن کی۔ آپؐ کی آمد سے پہلے دنیا شرک و گمراہی کے اندھیروں میں بھٹک رہی تھی۔ آپؐ نے توحید خالص کے ذریعے انسانوں کے قلوب و اذہان کی دنیا میں ایک انقلاب برپا فرمایا جس کی وجہ سے انسان کی پوری شخصیت ایک خدا کے سامنے سربسجود ہوگئی۔ ان خیالات کا اظہار تحریک کشمیر برطانیہ کے جنرل سیکرٹری مفتی عبدالمجید ندیم نے ہینڈز ورتھ اسلامک سینٹر برمنگھم میں ہفتہ وار پروگرام سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ’’نبی اکرم ﷺ کا لایا ہوا انقلاب ایک ہمہ گیر انقلاب تھا، جس نے انسان کو اندر اور باہر سے تبدیل کردیا۔ یہ انقلاب زندگی کے تمام شعبوں پر محیط تھا۔ یہ انقلاب مسجد سے بازار تک، خانقاہ سے ایوان حکومت تک، معاشرتی زندگی سے معاشی زندگی تک، سیاسی استحکام سے بین الاقوامی امور تک اور افراد سے لے کر اقوام تک محیط تھا۔ جس نے جاہلیت کے نظام کو جڑوں سے اکھاڑ پھینکا اور اس کی جگہ ایسا نظام قائم فرمایا جس نے سسکتی ہوئی انسانیت کو قرار اور بے منزل انسان کو منزل مراد تک پہنچاکر کامیابی و کامرانی سے ہمکنار فرمایا۔ مفتی عبدالمجید نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ربیع الاول کے اس بابرکت مہینے میں نظام مصطفوی ؐکی برکات سے دنیا کو آگاہ کریں۔
تازہ ترین