• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیڈز میں جرائم کی بڑھتی لہر، چاقو زنی کی واردات میں دو افراد زخمی

لیڈز (ندیم راٹھور) لیڈز میں جرائم کی بڑھتی ہوئی لہر نے شہر کے جن حصوں کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے ان میں ہیئر ہلز اور رونڈھے نمایاں ہیں۔ گزشتہ روز بھی لیمبٹن گروو رونڈھے روڈ پر چاقو زنی کی واردات میں ایک شخص کے شدید زخمی ہونے اور دوسرے زخمی کو اس جرم کے شبے میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے موقع پر واردات کو سیل کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں سڑک کئی گھنٹوں تک دوطرفہ ٹریفک کے لیے بند رہی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، پولیس رپورٹ کے مطابق زخمی شخص کا ہسپتال میں علاج جاری ہے تاہم اس کی حالت بدستور خطرے میں ہے جب کہ دوسرے شخص کو قریبی ہسپتال میں بازو میں چاقو کے زخموں کا علاج کرواتے ہوئے مذکورہ جرم کے شک میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ہیئر ہلز رونڈھے نہ صرف پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کا شہر میں سب سے بڑا محور ہے بلکہ یہ مشرقی یورپ سے ہجرت کرنے والوں سمیت دوسری کئی قومیتوں کا گڑھ بھی ہے۔ بدقسمتی سے یہاں پولیس کے پاس رپورٹ کیے گئے جرائم کی شرح بتدریج بڑھتی جارہی ہے۔ رپورٹ کردہ جرائم میں اینٹی سوشل رویے، ڈاکہ زنی، چوری، املاک کو نقصان پہنچانے، غیر قانونی ہتھیار رکھنے، جنسی جرائم، کار چرانے، دکان لوٹنے، تشدد اور چاقو زنی سمیت دوسری وارداتیں شامل ہیں۔
تازہ ترین