کراچی کے ایکسپو سینٹر میں جاری دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 ءکا آج دوسرا روز ہے، 4 روزہ نمائش میں 50سے زائدملکوں کے مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔
بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018ء میں پاکستان کا تیارکردہ ملٹی رول ڈرون براق بین الاقوامی مارکیٹ میں متعارف کرادیاگیا، جسے گلوبل انڈسٹریل ڈیفنس سلوشن نےتیار کیا ہے۔
پاکستان آرمی اور پاک فضائیہ ملٹی رول ڈرون استعمال کر رہی ہیں،ڈرون براق دہشت گردی کے خلاف دشمن کی نشاندہی میں مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔
ملٹی ڈرون براق 16ہزار فٹ کی بلندی پر 10گھنٹے تک پرواز کر سکتا ہے۔
وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے ڈرون کی لانچنگ کا افتتاح کیا،
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق وائس چیف آف نیول اسٹاف نے اُردن، اٹلی، ترکی، پولینڈ اور سری لنکا کے مندوبین سے ملاقاتوں میں پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔
غیر ملکی مندوبین نے خطے میں امن اور طاقت کے توازن کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں کو سراہا۔
ملاقاتوں کے دوران دفاعی تعاون، بحری امور اور تربیت کے حوالے سے اشتراک پر بات چیت ہوئی۔
وائس چیف آف نیول اسٹاف نے غیر ملکی مندوبین سے ملاقاتوں کے بعد مختلف اسٹالز کا دورہ کیا، انہوں نے این آر ٹی سی کے نیول ڈویژن کا افتتاح بھی کیا۔
بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018ء میں پاکستان کا تیار کردہ جدید جاسوس طیارہ’’ شہہ پر‘‘ بھی پیش کیا گیا ہے۔
نمائش میں ترکی، روس، چین سمیت مختلف ممالک کی دفاعی مصنوعات کے اسٹالز پر جدید چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں میں شرکاء کی دلچسپی نظر آئی۔
نوجوانوں نے مختلف رائفلوں اور پستولوں کو دیکھا اور تصاویر بنوائیں۔
کراچی کے ایکسپو سینٹر میں دفاعی نمائش آئیڈیاز میں موجود جے ایف تھنڈر طیاروں کے بلاک 2 کو شہید راشد منہاس نشان حیدر کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔
جے ایف تھنڈر طیاروں کی خاصیت یہ ہے کہ فیول ختم ہونے کی صورت میں ہوا میں ہی فیولنگ کی جاسکتی ہے۔