بہاولپور کے تاریخی شیر باغ میں 7 سالہ بنگالی ٹائیگر ہلاک ہو گیا۔
اس حوالے سے کیوریٹر شیر باغ عثمان بخاری نے کہا ہے کہ بنگالی ٹائیگر کئی ہفتوں سے بیمار تھا اور 3 روز سے کھانا پینا بھی چھوڑ چکا تھا۔
عثمان بخاری کا کہنا ہے کہ بنگالی ٹائیگر گردوں اور معدے کی بیماری کی وجہ سے ہلاک ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹائیگر کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسلامیہ یونیورسٹی ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز ڈپارٹمنٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بنگالی ٹائیگر 2018ء میں بہاولپور کے شیر باغ میں ہی پیدا ہوا تھا۔
شیرباغ انتظامیہ کے مطابق 3 سال سے بنگالی ٹائیگر آنکھ کے مرض میں بھی مبتلا تھا، جس وجہ سے اس کی ایک آنکھ بھی ضائع ہو چکی تھی۔