پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا۔ مہمان ٹیم کے 254 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 4 وکٹ پر 76 رنز بنالیے، پاکستان کو جیت کےلیے مزید 178رنز جبکہ ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹیں درکار ہیں۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان کے خلاف ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 244 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، یوں پاکستان کو میچ جیتنے کےلیے 254 رنز کا ہدف ملا۔
ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز 9 رن کی برتری کے ساتھ شروع کی، کپتان بریتھ ویٹ اور میکائیل لوئیس نے 50 رنز کی بنیاد رکھی، میکائل 7 رن بنا کر آؤٹ ہوئے پھر عامر جنگو نے کپتان کے ساتھ اسکور 92 تک پہنچایا۔
بریتھ ویٹ کی 52 رنز کی اننگز نعمان علی نے تمام کی، اس کے بعد رنز بھی بنتے رہے اور وکٹیں بھی گرتی رہیں، املاچ نے 35 اور سنکلیئر نے 28 رنز بنائے جبکہ پوری ویسٹ انڈیز ٹیم 244 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
اسپنر نعمان علی اور ساجد خان نے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ابرار اور کاشف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کپتان شان مسعود اور محمد ہریرہ 2، 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم 31 اور کامران غلام 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سعود شکیل 13 اور کاشف علی ایک رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے کیون سنکلیئر نے 2 گداکیش موٹی اور جومیل واریکن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 163 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
پاکستان کی ٹیم 163 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 154 رنز بنا سکی تھی۔
مہمان ٹیم کو پہلی اننگز میں 9 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔
اس ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ بولر خرم شہزاد کی جگہ نوجوان فاسٹ بولر کاشف علی کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
شان مسعود، محمد ہریرہ، بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان آغا، ساجد خان، نعمان علی، کاشف علی اور ابرار احمد۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے جیتا تھا۔