• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بیلجیئم :انٹرنیٹ پر دوستی کے نام پر ہزاروں لوگ لٹ گئے

 دوستی کے نام پر ہزاروں لوگ لٹ گئے۔ بیلجیئم حکومت نے لوگوں کو خبردار کرنے کیلئے مہم شروع کردی۔

گزشتہ روز بیلجیئم میں متعلقہ حکومتی اداروں کی جانب سے ایک کمپین شروع کی گئی ہے جس میں شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ انٹرنیٹ پر دوستی اور محبت کے نام پر ہونے والے فراڈ سے بچیں اور اپنے بٹوے کو دبا کر رکھیں۔

بیلجیئم میں کنزیومر افیئرز کے منسٹر کرس پیٹرز کے مطابق اس محبت بھرے فراڈ کے بارے میں اب تک 382 شکایات موصول ہو چکی ہیں لیکن حقیقی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔

ایک اندازے کے مطابق لٹنے والوں کی تعداد 10 ہزار کے قریب ہو سکتی ہے۔ جن سے محبت کے فراڈئیے 4 ملین یورو سے زیادہ اینٹھ کر غائب ہوگئے۔

اس کمپین کے ذریعے بیلجیئم کے شہریوں کو خبردار کرنے کے ساتھ ساتھ فراڈیوں کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیاہے۔

جس کے مطابق انٹرنیٹ پر معصومانہ انداز سے دوستی کرکے اسے محبت کے آخری درجے تک پہنچا یا جاتا ہے ۔ اسی دوران شکار کی حیثیت کا اندازہ لگانے کے بعد اس سے رقم بھیجنے کا تقاضا کیا جاتا ہے ۔ اس کیلئے کپڑے خریدنے، بیٹی کے آپریشن، بیلجیئم میں اپنے محبوب سے ملاقات کیلئے کرایہ بھیجنے اور تھوڑی سی رقم کے عوض اپنے اثاثے بچانے جیسے بہانے تراشے جاتے ہیں۔

ایک مقامی ٹی وی کے مطابق اس حوالے سے اب تک جو کیس سامنے آیاہے، اس میں ایک شخص نے ایک لاکھ یورو ٹرانسفر کیے جس میں 20 ہزار یورو کا قرض بھی شامل ہے۔

اس کمپین میں لوگوں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ انٹرنیٹ کی ہر محبت یا دوستی پر اعتماد نہ کریں اور اپنا بٹوہ دبا کر رکھیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین