• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر صحافی اور فالج کا شکارشبر اعظمی کے گھر چھاپہ،کے یو جے کا اظہار مذمت

کراچی (پ ر) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) اور کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) سمیت پی ایف یو جے سے منسلک تمام یو جیز نے کے یو جے کے سابق جنرل سیکرٹری اور منہاج برنا مرحوم کے قریبی ساتھی فالج کا شکار سینئر صحافی شبر اعظمی کے گھر پر پولیس کے بلاجواز چھاپے اور بیماری کی حالت میں انہیں ذہنی اذیت دینے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے آزادی صحافت پر براہ راست حملہ قرار دیا ہے۔ پی ایف یو جےکے صدر جی ایم جمالی، سیکرٹری جنرل رانا محمد عظیم، کے یو جے کے صدر حسن عباس اور جنرل سیکریٹری عاجز جمالی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں آمریت کے خلاف صحافیوں کی جدوجہد کے اہم کردار شبر اعظمی کو ملک بھر کی صحافی برادری انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے سینئر صحافی کے گھر پر کراچی پولیس کی جانب سے رات گئے بلاجواز چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہوئے استفسار کیا کہ اس طرح کی کارروائیاں کرکے صحافیوں کو کیا پیغام دیا جارہاہے؟ ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم، وفاقی وزیر داخلہ اور وزیراطلاعات اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے یہ پتہ چلائیں کہ یہ کارروائی کیوں اور کس کے کہنے پر کی گئی! جبکہ گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ اور آئی جی پولیس شبر اعظمی سے اس واقعے پر فوری معافی مانگیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر ذمے داروں کے خلاف کارروائی نہ ہوئی تو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ شبر اعظمی ان دنوں فالج کے سبب شدید علیل ہیں۔

تازہ ترین