• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا میں کہیں بھی سکیورٹی کے نام پر سڑکیں بند نہیں ہوتیں، ثاقب نثار

کوئٹہ(نمائندہ جنگ، صباح نیوز) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کوئٹہ کی زرغون روڈ کو ریڈ زون کے نام پر بند کئے جانے سے متعلق درخواست پر ریمارکس دیئے کہ دنیا میں کہیں بھی سکیورٹی کے نام پر سڑکیں بند نہیں ہوتیں۔ عدالت نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو طلب کرلیا۔ ڈومیسائل کی منسوخی سے متعلق دائر آئینی درخواست پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ڈومیسائل کی منسوخی صرف بلوچستان کا ہی مسئلہ نہیں ہمیں ملک بھر کے قوانین دیکھنا ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کوسپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیسز کی سماعت کی ۔عدالت میں سینئر وکیل سپریم کورٹ سید نذیرآغا کی جانب سے چیف جسٹس کو درخواست کی گئی کہ آپ نے ملک بھر میں سڑکیں کھلوائی ہیں، کوئٹہ شہر میں زرغون روڈ کو ریڈ زون کے نام پر بند کیا گیاہے، جس سے شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ چیف جسٹس نے درخواست پر ریمارکس دیئے کہ دنیا بھر میں سکیورٹی کے نام پر سڑکیں بند نہیں ہوتیں۔ اس موقع پر انہوں نے چیف سیکرٹری کو طلب کر لیا۔ڈومیسائل کی منسوخی سے متعلق ایک وکیل مجیب ہاشمی اور دیگر کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر آئینی درخواست کی سماعت کے موقع پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ کیا چاروں صوبوں کے ایڈوکیٹ جنرل موجود ہیں؟اس پر ایڈوکیٹ جنرل روف عطاء نے کہا کہ بلوچستان سے ہیں، باقی تینوں صوبوں سے نہیں آئے۔

تازہ ترین