• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں 6 ؍منزلہ سے زائد عمارتوں کی تعمیرات پر پابندی سے متعلق فیصلہ واپس

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے شہر میں 6 منزلہ سے زائد عمارتوں کی تعمیرات پر پابندی سے متعلق اپنا فیصلہ واپس لیتے ہوئے 25 ؍ منزلہ بلند عمارتیں بنانے کی اجازت دیدی ہے۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں شہر میں 6؍ منزلہ سے زائد عمارتوں کی تعمیر پر پابندی سے متعلق ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے مختصر سماعت کے بعد شہر میں 6 ؍منزلہ سے زائد کی تعمیرات پر پابندی سے متعلق اپنا فیصلہ واپس لے لیا اور ساتھ ہی شہر میں قانون کے مطابق تعمیرات جاری رکھنے کا بھی حکم دیا۔ عدالت نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے قوانین کے مطابق بلند عمارتیں تعمیر کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ چلیں انڈسڑی کے ساتھ بحریہ ٹاؤن کو بھی فائدہ ہوجائے گا۔ واضح رہےکہ سپریم کورٹ نے 6 ماہ قبل کراچی میں 6 سے زائد منزلہ عمارتوں کی تعمیرات پر پابندی عائد کی تھی جسے بلڈرز کی نمائندہ تنظیم نے عدالت میں چیلنج کیا تھا جبکہ پابندی کےخلاف بلڈرز نے کراچی میں احتجاج بھی کیا تھا۔دوسری جانب عدالتی فیصلے کے بعد سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آباد کے وفد نے کہا کہ آج عدالت نے پابندی ہٹادی ہے، 2 سال سے لگی پابندی ختم ہوگئی ہےاب قانون کے مطابق عمارتیں بنیں گی۔ آباد کے وفد کا کہنا تھاکہ 500 سے زائد پروجیکٹ اور ایک ہزار بلین مالیت کی سرمایہ کاری رکی ہوئی تھی۔

تازہ ترین