• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشتہاراتی ایجنسیوں کا چنائو صاف شفاف طریقہ کار سے ہوگا، فیاض الحسن چوہان

لاہور(نمائندہ جنگ) وزیر اطلاعات و ثقافت ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان غیر ملکی مفادات کو فروغ دینے والے میڈیاگروپوں کی سرپرستی نہیں کرینگے۔اشتہاراتی ایجنسیوں کا چنائو صاف شفاف طریقہ کار سے ہوگاکسی ایک ایجنسی کو نوازنے کی پالیسی ختم کریں گے ۔10 ہزار تنخواہ والوں کو نکالا جا رہا ہے ، 40 سے 80 لاکھ تنخواہ والوں کو اہمیت دی جا رہی ہے۔وہ الحمرا میں اخبار فروش یونین کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف وفاداری سے خطاب کررہے تھے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے اخبارفروش یونین لاہورکے نومنتخب عہد یداروں سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے والے نو منتخب عہدید ار و ں میںچوہدری نذیر احمد(صدر)،ملک امتیاز احمد(سینئر نائب صدر)،سجاد عظیم(نائب صدر)، محمدالیاس(جنرل سیکریٹری)،رانا مقصود احمد(جوائنٹ سیکریٹری)،شیخ عمر یاسین(سیکریٹری نشر و اشاعت)،اویس قریشی (آفس سیکریٹری) اور ملک تنویر احمد(فنانس سیکریٹری) شامل تھے۔ اس موقع پر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اخبارات کے واجبات گزشتہ حکومتوں کے تھے تاہم وزیر اعظم عمران خان نے تمام واجبات کی ادائیگی کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی ادارے کے اشتہارات روکے ہیں اورنہ ہی کسی کے ساتھ پسندنہ پسندکا رویہ اپنایاجارہا ہے، نجم سیٹھی کے پاس چڑیا ہے تو میرے پاس باز ہے۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ اگر زیرو سرکولیشن والے بھی اشتہارات مانگیں گے توایسا نہیں ہوسکتا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی مشاورت کیساتھ اشتہارات کے حوالے سے نئی پالیسی لائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے دن سے ضمیر فروشوں کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے، ضمیرفروشوں نے ملک کودیوالیہ کردیا تھا ۔انہوںنے کہا کہ وہ اخبارفروش یونین کے ساتھ اورضمیر فروشوں کے خلاف ہیں۔میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اورمیڈیا کا ستون اخبارفروش ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی اخبار فروشوں کے ساتھ ہیں۔ دی نیوز کے مطابق صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان غیر ملکی مفادات کو فروغ دینے والے میڈیا ہائوسز کی سرپرستی نہیں کریں گے۔اشتہاراتی ایجنسیوں کا انتخاب صاف شفاف طریقے ہوگاکسی ایک ایجنسی کو نوازنے کی پالیسی ختم کریں گے ۔

تازہ ترین