• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہری شہریت والوں کو حساس جگہوں پر نہیں ہونا چاہیے،تجزیہ کار

کراچی(جنگ نیوز)دوہری شہریت کے حامل لوگوں کو حساس جگہوں پر نہیں ہونا چاہیے،پنجاب حکومت سست روی کا شکار ہے عثمان بزدار عمران خان کی پہلی چوائس نہیں تھے اگر نہیں تھے تو اس کا مطلب وہ مجبوری میں لائے گئے اُن کی پہلی چوائس جہانگیر ترین، علیم خان اورشاہ محمود قریشی تھے وہ بنیادی طور پر مجبوری کے تحت لائے تین گروپ موجود ہیں پی ٹی آئی میں لہٰذا وہ ایک ایسا شخص لے کر آئے کہ جو کسی گروپ کا حصہ نہ ہو اور عمران خان کی زندگی کا یہ حصہ رہا ہے کہ جب بھی کسی کو لاتے ہیں اس کو پورا سپورٹ کرتے ہیں جو اچھی بات ہے،سیاستدانوں، صحافیوں، بیوروکریٹس پر پابندی لگائیں اولاد یہیں رہے یہیں پڑھے یہیں علاج کروائے جب تک ایسا نہیں ہوتا یہ لوگ اس ملک کو ٹھیک نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار سنیئر تجزیہ کار ارشاد بھٹی، مظہر عباس، سلیم صافی، ریما عمر، محمل سرفراز اور حفیظ اللہ نیازی نے جیو کے پروگرام’’ رپورٹ کارڈ ‘‘میں کیا ۔ عالمی طاقتوں کا پاکستان میں انٹرنیشنل این جی اوزکی بندش پر تحفظات کااظہار کے حوالے سے ریماعمر کا کہنا تھاکہ این جی اوز بند کرتے رہیں گے تو یہ تاثر جائے گا کہ پاکستان اسکروٹنی برداشت نہیں کرسکتا رجسٹریشن کینسل کرنے کی جو وجوہات بتائی گئیں وہ بہت کمزور ہیں ۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ ایک این جی او کا سی آئی اے سے تعلق ثابت ہوا اُسامہ بن لادن کیس والاڈاکٹر شکیل آفریدی اس این جی او کام کرتا تھا غیرملکی این جی اوز ہماری غربت ختم کرنے نہیں اپنے ایجنڈے کے ساتھ آتی ہیں خود امریکا نے کئی این جی اوز پر پابندی لگائی ہے۔ دوہری شہریت والے افسران تعینات نہ کرنے کے سپریم کورٹ کےحکم کے حوالے سے مظہر عباس کا کہنا تھا کہ جن کے پاس دوہری شہریت ہے اُن کو ویسے بھی ان عہدوں پر نہیں ہونا چاہیے مفادات کے تصادم کی بات آجاتی ہے ۔ محمل سرفراز کا کہنا تھا کہ ہماری پالیسی میں یہ دوغلہ پن ہے اگر دوہری شہریت صحیح نہیں تو پھر باہر کے لوگوں سے ووٹ کا حق بھی لے لیا جائے ۔ارشاد بھٹی، سلیم صافی اور حفیظ اللہ نیازی کا کہناتھا کہ حساس عہدوں پر ایسےافراد کو نہیں لگایا جاسکتا ہے جن کے خاندان باہر ہوں۔ سلیم صافی کا کہنا تھا کہ دوہری شہریت کے حامل لوگوں کو حساس جگہوں پر نہیں ہونا چاہیے سیاست ، صحافت یا بیوروکریسی سب پر پابندی لگنی چاہیے کہ اُن کی اولاد یہیں رہے یہیں پڑھے یہیں علاج کروائے جب تک ایسا نہیں ہوتا یہ لوگ اس ملک کو ٹھیک نہیں کریں گے۔

تازہ ترین