• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: چڑیا گھر میں شیروں کے دو مجسمے دوبارہ نصب

بلدیہ عظمیٰ نے کراچی کے چڑیا گھر میں پیتل کے بنے شیروں کے دو مجسموں کودوبارہ اپنی اصل جگہ پر نصب کرادیا۔

میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمٰن نے بدھ کو اپنی نگرانی میں شیروں کے ان مجسموں کو منتقل اور اپنی اصل جگہ پر نصب کرایا۔

ڈاکٹر سیف الرحمٰن نے اس موقع پر کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کے تاریخی ورثے کو بحال کر رہی ہے۔ شیروں کے ان مجسموں کو ہمارے بچے بہت پسند کرتے ہیں۔ کراچی کے بچوں کی امانت ان کو واپس کر دی۔ وہ آئیں اور ان مجسموں پر بیٹھ کر تصویر اور سلفی بنائیں ہم نے بھی بچپن میں ان مجسموں کے ساتھ تصویریں بنوائی جو اب ہماری یاد گار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان مجسموں کی واپسی میں مئیر کراچی وسیم اختر کی خصوصی دلچسپی شامل ہے۔ ان کی خواہش تھی کہ شیروں کے یہ مجسمے چڑیا گھر میں واپس آئیں تاکہ اس تاریخی ورثہ کو محفوظ کیا جا سکے۔

میٹروپولیٹن کمشنر نے مزید کہا کہ چڑیا گھر میں داخل ہوتے ہی بچوں کو شیروں کے یہ مجسمے خوش آمدید کہیں گے۔

واضح رہے کہ ملکہ برطاینہ نے شیروں کے ان قیمتی مجسموں کو دنیا کے دو چڑیا گھروں کو تحفہ دیا تھا جن میں کراچی اور لندن شامل ہیں۔ کچھ سال قبل شیروں کے ان مجسموں کو کسی دوسری جگہ منتقل کر دیا گیا تھا جس کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کی موجودہ قیادت نے حاصل کر کے چڑیا گھر کے مرکزی دروازے پر نصب کر دیا جہاں یہ ابتداء میں نصب کئے گئے تھے۔

تازہ ترین