نیند لانے کے قدرتی طریقوں میں اسٹریچنگ بھی ایک فائدہ مند تکنیک ہے۔ اسے تقریباََ سبھی خواتین نظر انداز کرتی ہیں لیکن یہ کوئی خاص مشکل نہیں۔ اگر آپ رات سونے سے پہلے کچھ سادہ سی اسٹریچنگ یا ہلکی پھلکی ایکسر سائز کرلیں تو اس سے نہ صرف آپ کو پرسکون نیند آئے گی بلکہ آپ کی صحت بھی بہتر رہے گی۔ گزشتہ برس کی بہت سی اسٹڈیز سے یہ بات سامنے آئی ہےکہ مراقبے والی حرکات جیسے کہ تائی چی اور یو گا سے نیند کا معیار بہتر ہوتاہے۔ یہ لازمی امر ہے کہ آپ بھررپور نیند لیں گی تو آپ کی زندگی بھی بہتر گزرےگی۔
اب سوال یہ بھی ہے کہ دن بھر کی مشقت کےبعد رات کو سونے سےپہلے اس قسم کی اسٹریچنگ نیند پر اثر انداز ہوگی یا نہیں؟ اس کا جواب یہ ہے کہ جب آپ عضلات میں کھنچائو والی ورزش کرتی ہیں تو آپ اپنے دماغ اور جسم کے درمیان رابطے پرتوجہ مرکوز کرتی ہیں اور دن بھر کی ذہنی تناؤ سے بھری باتیں بھول جاتی ہیں۔
اسٹریچنگ کے ذریعے اپنے جسم کے بارے میں آگہی آپ کو ذہنی سکون فراہم کرنے اور بہتر نیند لانے میں مدد دیتی ہے۔ ساتھی ہی یہ بدن کے اندر پوشیدہ فوائد کیلئے کام کرتی ہے، اس سے عضلات کی سختی اور نیند بھگانے والے کریمپس دور ہوتے ہیں لیکن اس کیلئے سخت اسٹریچنگ کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی ۔ سونے سے پہلے سخت قسم کی ایکسر سائز برا اثر بھی ڈال سکتی ہے۔ یہاں ہم کچھ اسٹریچنگ ایکسرسائز کا ذکر کررہے ہیں، جوآپ اپنے رات سونے سے پہلے کے معمولات میں شامل کرسکتی ہیں۔
بیئر ہگ (Bear Hug)
یہ ایکسرسائز ایسی ہے، جیسے آپ کسی بھالو کو گلے رہی ہیں۔ اس کیلئے آپ سیدھی کھڑی ہوجائیں، گہری سانس لیں اور اپنے دونوں بازوپھیلا لیں۔ جتنا زیادہ آپ اپنے بازوئوں کو کھول سکتی ہیں کھولیں ، پھر اپنے دونوں بازو ایک دوسرے پر یعنی بائیں بازو کو دائیں بازو پر رکھ کر ایسے بھینچیں جیسے آپ خود سے گلے مل رہی ہیں۔ گہری سانسیں لیتے ہوئے اسی انداز میں 30 سیکنڈ تک رہیں ۔ پھر بازو کھول کر بازوئوں کی پوزیشن بدل کر 30سیکنڈ تک یہی انداز ایک بار پھر دہرائیں۔
گردن کی اسٹریچنگ
اس قسم کی اسٹریچنگ سے آپ کے سر، گردن اور کندھوں کی ٹینشن دور ہوتی ہے لیکن اس کیلئے آپ کو آسن بغیر کسی غلطی کے اپنانا ہوگا۔ اس کیلئے آپ ایک آرام دہ کرسی پر بیٹھ جائیں ۔ سیدھے ہاتھ کو اٹھائیں اور اپنے سر کے اوپر سے لے جاکر اپنے بائیں کان کو چھونے کی کوشش کریں۔ اپنے سیدھے کان کو سیدھے کندھے کی طر ف جھکائیں ، اس پوزیشن پر پانچ سانسیں لیں۔ یہی عمل بائیں بازو کے ساتھ دہرائیں، اس دوران آپ مسلسل سامنے دیکھتی رہیں۔
اس کے بعد آپ سر جھکا کر اپنی ٹھوڑی کو سینے سے لگا کر پانچ سانسیںلیں ۔ اس کےبعد اپنے سر کو پیچھے لے جاکر (جتنا آرام سے لے جاسکیں ) پانچ سانسیں لیں۔
گھٹنوں کے بل ایکسرسائز
اس قسم کی ایکسرسائز آپ کے کولہوںاور کندھوں سے درد اور بے آرامی دور کرنے میںمدد کرتی ہے۔ ایک کرسی ، صوفہ یا چھوٹی ٹیبل پر ہاتھ رکھ کرگھٹنو ں کے بل جھک جائیں ۔ آپ کے گھٹنے اور کولہے بالکل سیدھ میں ہوں۔ فرش سخت ہو تو گھٹنوںکے نیچے کوئی کشن وغیرہ رکھا جاسکتاہے۔ اپنی کمر کو بالکل سیدھا رکھیں اور اپنے دونوں ہاتھوں کو کرسی پر آرام سے رکھیں۔ اس پوزیشن پر30سیکنڈ تک رہیں ۔ تھوڑا وقفہ لینے کے بعد دو سے تین مرتبہ اس اسٹریچ کو دہرائیں۔
چائلڈ پوز
یہ بھی پہلے بیان کردہ ایکسرسائز کی طرح ہے لیکن زیاد ہ آرام دہ ہے۔ اس سے آپ کی سانس بہتر ہوتی ہے، بدن کو آرام ملتاہے اور اسٹریس میں کمی آتی ہے جبکہ کمر ، کندھوں اور گردن میں کھچائو کم ہونے میں مدد ملتی ہے۔ اس کیلئے آپ اپنی ایڑیوں پر بیٹھ کر گھٹنوں کے بل لیٹ جائیں۔ اپنے بازو پھیلا کر اپنا ماتھا زمین پر رکھ دیں اور اپنے بازو پورے پھیلے رہنے دیں۔ اپنی گردن کو سپورٹ کریں جبکہ آپ اپنے گھٹنوں یا ماتھے کے نیچے کشن یا تکیہ بھی رکھ سکتی ہیں۔ اس پوزیشن پر اپنی کمر کو سخت رکھتے ہوئے 5منٹ تک گہری سانسیںلیں۔اس ایکسرسائز کو آپ کسی بھی دوسری ایکسرسائز کے درمیان کرسکتی ہیں۔
پائوں کی اسٹریچنگ
اس ایکسرسائز سے ریڑھ کی ہڈی ، کندھوں اور رانوں کا درد کم کرنے میں مد دملتی ہے اور کمر کا نچلا حصہ بھی بہتر کام کرتاہے۔ اس کیلئے آپ سامنے کی طرف اپنی ٹانگیں جوڑ کر پھیلا لیں۔ اپنے جسم کو موڑ کر اپنے ہاتھوں کو سامنے لے جا کر اپنے پائوں کی انگلیاں چھونے کی کوشش کریں۔آپ کی ٹھوڑی آپ کے سینے سے لگ رہی ہوگی ۔ اسی انداز میں اپنے سر کو آرام دہ حالت میں اور اس پوزیشن میں 5منٹ تک رکھیں۔