کراچی کے علاقے پیر آباد سے پولیس نے ایک ملزم کو منشیات سمیت گرفتار کر لیا، ملزم صلاح الدین منشیات فروشی اور پولیس کے لیے بھتہ جمع کرنے کا کام کرتا تھا۔
ملزم کو 3 کلو چرس اور منشیات فروشی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بیٹر صلاح الدین عرف راجہ نے دوران تفتیش سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں۔
ملزم سابق ایس ایچ او اورنگی ندیم صدیقی کو3 لاکھ روپے بھتہ جمع کرکے دیتا تھا،جبکہ منشیات فروشوں، مذبح خانوں اور گٹکا فیکٹریوں سے بھتہ لیتا تھا۔
اس سے قبل بیٹر فہد اور یعقوب کو سابق ایس ایس پی ویسٹ ڈاکٹر رضوان نے گرفتار کیا تھا، ملزم صلاح الدین پولیس اہلکار عباس اور ساجد کو بھتے کی رقم دیتا تھا۔
ذرائع کے مطابق ملزم صلاح الدین نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ میں پولیس والا نہیں ہوں، پولیس اہلکاروں کو جرائم پیشہ افراد سے رقم جمع کرکے دیتا تھا، 6سے زائد بیٹر ابھی بھی اورنگی ٹاؤن میں کام کر رہے ہیں۔