بالی ووڈ کے معروف اداکار رشی کپور کی اہلیہ نیتو سنگھ نے شوہرکے کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کی جانب اشارہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکار رشی کپور کی اہلیہ نیتو سنگھ نے ڈھکے چھپے الفاظ میں رشی کپور کے کینسر میں مبتلا ہونے سے متعلق کہا ہے۔
نیتو سنگھ،رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ سمیت تمام فیملی نے نئے سال کا جشن رشی کپور کے ساتھ نیویارک میں منایا اور اس خوشی کا اظہار نیتو سنگھ نے مداحوں سے انسٹا گرام پر شیئر کرکے کیا۔
نیتو نے پوسٹ میں لکھا کہ ’سال 2019 سب کو مبارک ہو، اس سال کوئی عہد نہیں بلکہ صرف نیک خواہشات کا اظہار کیا جائے گا، امید کرتی ہوں کہ مستقبل میں کینسر محض (سرطان) کی طرح ایک برج ہی رہ جائے۔
پوسٹ میں نیتو سنگھ کا اشارہ شوہر رشی کپور کی جانب ہے جوکہ تصویر میں پہلے سے زیادہ کمزور اور مرجھائے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
واضح رہے رشی کپور نے دو ماہ قبل اپنے مداحوں کو چونکا دینے والی خبر دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ علاج کے لئے امریکا جارہے ہیں ۔
تاہم کپور فیملی کی جانب سے واضح طور پر کچھ نہیں بتایا گیا تھاکہ رشی کپور کس بیماری سے لڑ رہے ہیں۔