• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشہور تابعی حضرت ابو سلمہؒ فرماتے ہیں کہ ایک روز میں نے حضرت ابو سعید خدری ؓ سے کہا کہ لوگوں نے لباس، طعام،سواری اور پینے کی چیزوں میں عجیب وغریب ایجادات کرلی ہیں، جن کا مقصدسوائے تعیشات کے حصول کے اور کچھ نہیں، آپ اس حوالے سے میری رہنمائی فرمائیں؟حضرت ابوسعیدؓ نے جواب دیاـ: ’’بھتیجے! آپ کا کھانا، پینا اور پہننا سب اللہ کے لیے ہونا چاہیے، اِس میں اگر خود پسندی،فخر اور نمائش پیدا ہوجائے تو یہ گناہ اور اسراف ہے،مسلمانوں کو سادہ طرزِ زندگی اختیار کرنا چاہیے اور گھر کے کاموں میں وہ سب کام کرنے چاہییں جو رسول اللہ ﷺ کیاکرتے تھے۔حضرت ابو سلمہ ؒ فرماتے ہیں کہ میں نے حضرت ابو سعید خدری ؓ سے اُن کاموں کی تفصیل دریافت کی جو رسول اکرم ﷺ انجام دیاکرتے تھے توانہوں نے فرمایا کہ آپﷺ اونٹ کو چارہ ڈالتے اور اُسے باندھتے، گھر میں جھاڑو دے لیتے، بکری کادودھ دوہتے، اپنے جوتے گانٹھ لیتے، کپڑوں میں پیوند لگالیتے،خادموں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھالیتے اورخادم تھک جاتا توآٹا پیس دیتے،بازار سے چیزیں خرید لاتے اور اس میں کبھی کوئی عار محسوس نہ کرتے تھے،خریدی ہوئی چیز اپنے ہاتھ سے اٹھاکر لاتے یا کپڑے میں باندھ کر گھر واپس لے آتے،غنی، فقیر، بڑے اور چھوٹے سب سے مصافحہ کرتے اور نمازیوں میں سے جو سامنے آجاتا چھوٹا یا بڑا، کالا یا گورا، آزاد یا غلام، ہر ایک کو سلام کرنے میں پہل فرماتے۔‘‘(منہاج المسلم)

تازہ ترین