جِلد کی بیماریوں (skin diseases) میں ایک بیماری ایسی بھی ہے، جس میں جِلد پر سیاہ اور برائون دھبے ظاہر ہوتے ہیں اور یہ تبدیل ہوتے رہتے ہیں، جس کو پگمنٹیشن (pigmentation) کے نام سے جانا جاتا ہے۔جِلد کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس بیماری کو نظر انداز کردیا جائے تو مستقبل میں اس کے سنگین نتائج سامنے آتے ہیں۔خواتین اس بیماری کا زیادہ شکار ہوتی ہیں اور اس سے نجات حاصل کرنے کے لیے پریشان رہتی ہیں۔چونکہ چہرے کی جِلد بہت حساس ہوتی ہے، اس میں ذرا سی بھی تبدیلی واقع ہوجائے تو سب کی نظروں میں آجاتی ہے، چہرہ بدنما محسوس ہوتا ہے ، دیکھنے والاتعجب کرتا ہے اور یہ جس پر گزرتی ہے اپنی کیفیت کو بس وہی جانتا ہے۔
ہائپر پگمنٹیشن
یہ عام طور پر تیز دھوپ سے جھلس جانے، ایکنی اورمستقل دھوپ میں رہنے کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اس کی وجہ بیرونی عوامل ہوتے ہیں۔ ہائپر پگمنٹیشن میں متاثرہ جگہ گہری رنگت کی ہو جاتی ہے یہ پرانے ایکنے کے نشان بھی ہو سکتے ہیں، جو مٹ نہیں پاتے یا تیز دھوپ سے جھلس جانے والی جِلد کے نشان بھی ہو سکتے ہیں ۔جب سورج کی الٹرا وائلٹ ریز جِلد تک پہنچتی ہیں تو یہ جِلد میں موجود میلا نن کی پیداوار میںاضافہ کردیتی ہیں، یہ میلانن جِلد کی اوپری سطح پر آکر گہرے دھبوں کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔ یہ دھبے کسی بھی شکل کے ہوسکتے ہیں اور کسی بھی قسم کی جِلد کو متاثر کرسکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ جِلد پر کٹ پڑجانے یا کیمیکل والی پروڈکٹس کے استعمال سے بھی ہو جاتے ہیں ۔یہ سب ایک ہی قسم سے تعلق رکھتے ہیں ۔جنھیں آسانی کے ساتھ کنٹرول اور ختم کیا جاسکتا ہے۔
سن اسکرین کا استعمال
پگمنٹیشن سے بچنے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ روزانہ صبح گھر سے نکلنے سے پہلے سن اسکرین کا استعمال کیا جائے ۔بہتر ہوگا کہ یہ سن اسکرین ایس پی ایف 30یا اس سےزیادہ کا ہو ۔ یہ سن اسکرین نہ صرف تیز دھوپ سے بچائے گا بلکہ ایکنی یا کسی چوٹ کی وجہ سے بننے والے دھبوں کو بھی ہلکا کرے گا ۔عام طور پر سورج کی وجہ سے متاثر ہونے والی جِلد پر پگمنٹیشن کے نشان جِلد کی اوپری سطح پر ہوتے ہیں، اس لئے بیرونی طور پر استعمال ہونے والی پروڈکٹس سے بھی ٹھیک ہو جاتے ہیں اور رنگت نکھر جاتی ہے۔ ڈاکٹرز کا علاج، مشورہ اور ادویات سب اپنی جگہ اہمیت کے حامل ہیں، لیکن کچھ غذائیں ایسی بھی ہیں، جن کو اگر خوراک کا حصہ بنالیا جائے تو پگمنٹیشن سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔
دہی
دہی میں کافی مقدار میں لیکٹک ایسڈ موجود ہوتا ہے، یہ جِلد سے پگمنٹیشن کو ختم کرتا ہے ، جِلد صاف ہوجاتی ہے ، نشان غائب ہوجاتے ہیںاور نئے سیلز نمودارہوتے ہیں۔اس کے علاوہ دہی، ویسلین، ایلوویرا جیل، زیتون کا تیل اور صندل کی لکڑی کا پائوڈرمناسب مقدار میں لیں۔ ویسلین کو پگھلا کر اس میں تمام اجزاشامل کرلیں، اسے اچھی طرح مکس کر کے ماسک تیار کرلیں اور چہرے پر لگائیں۔ خشک ہونے کے لیے اسے15سے20منٹ چھوڑ دیں، پھر پانی سے دھولیں۔ پگمنٹیشن کا بہت جلد خاتمہ ہوجائے گا۔
آلو
آلو جِلد کے نشانات اور رنگت کو صاف کرتا ہے۔ ایک آلو چھیل کر موٹے سلائس کاٹ لیں۔ آلو پر چند قطرے پانی ڈال کر پانچ سے دس منٹ تک جِلد پر ملیں پھر نیم گرم پانی سے دھو لیں۔ دن میں تین سے چار مرتبہ یہ عمل ایک ماہ تک کریں۔ چہرے سے پگمنٹیشن کا خاتمہ ہوجائے گا۔
ناریل کا تیل
ایک چمچ ناریل کےتیل میں ایک چائے کا چمچ ایلوویراشامل کر کے دونوں کو اچھی طرح مکس کرلیں۔ پھر اس پیسٹ کو جس جگہ چہرے پر پگمنٹیشن ظاہر ہو وہاں کچھ دیر کے لیے لگا چھوڑ دیں ، پھر پانی سے اچھی طرح دھو لیں، کم سے کم ایک ہفتے تک یہ سلسلہ جاری رکھیں۔ چہرے سے پگمنٹیشن مکمل طور پر ختم ہوجائے گی اور چہرہ گلاب کی طرح کِھل اُٹھے گا۔
پپیتا
پکا ہوا پپیتا اور ایلوویرا کا جیل ایک ایک چمچ لے کر دونوں کو میش کر کے صاف چہرے پر روزانہ لگائیں اور بیس منٹ بعد چہرہ دھو لیں، پگمنٹیشن سے چھٹکارے کے ساتھ ساتھ جِلد میں تنائو بھی پیدا ہوگا۔
لیموں
لیموں میں سٹرک ایسڈ ہوتا ہے، جو جِلد کو بلیچ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس خاصیت کی بناء پر اسے پگمنٹیشن کے علاج کے لئے بہت مقبولیت حاصل ہے۔لیموں کا رس نکال کر روئی کے ذریعے جِلد پر ملیں ، دس سے پندرہ منٹ کے لیے لگا کےچھوڑ دیں اور پھر پانی سے دھو لیں ۔دن میں دو دفعہ یہ عمل کریں، چند مہینوں میں واضح فرق نظر آئے گا۔