صدر مملکت آصف علی زرداری کراچی کے اسپتال میں زیر علاج ہیں، ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے صدر مملکت کی صحت کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس سے قبل صدر زرداری کو فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی تھی۔
صدر کی صحت سے متعلق اظہارِ تشویش کرتے ہوئے وزیراعظم نے ان کی جلد شفایابی کی دعا کی اور صدر مملکت کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
صدر کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین نے جیو نیوز کو بتایا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر صدر کی ملاقاتوں پر پابندی لگادی گئی ہے، انہیں مکمل آئسولیشن میں رکھا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر عاصم حسین کے مطابق آصف علی زرداری انفیکشس ڈیزیز کے ماہرین کے زیرِ علاج ہیں، ان کے کئی ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے صدر زرداری کو دبئی منتقل کرنے کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ صدر زرداری 4 اپریل کو ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے جلسے میں شرکت نہیں کریں گے، برسی کی تقریب سے بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔
گورنر پنجاب سلیم حیدر، گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی صدر زرداری کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔
گورنر ٹیسوری نے صدر زرداری کے لیے اسپتال میں گلدستہ بھی بھجوایا ہے، جبکہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بھی صدر مملکت کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔